مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر مجھے بار بار گرفتار نہ کیا جاتا تو پاکستان کا مقام اونچا ہوتا۔
حافظ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ آج حافظ آباد آ کر کئی سال پہلے کی یادیں تازہ ہو گئیں، مجھے حافظ آباد اور اس شہر کے لوگوں سے بہت پیار ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ حافظ آباد والو! پہلے بھی یہاں آیا ہوں لیکن ایسا منظر کبھی نہیں دیکھا، یہاں موجود سب کو میں دل کی گہرائیوں سے مبارک باد دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 2017ء میں مجھے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر وزارتِ عظمیٰ سے نکالا، اگر مجھے نہ نکالا ہوتا تو یہاں کوئی ایسا شخص نہ ہوتا جس کے پاس روزگار نہ ہوتا۔
علاوہ ازیں مریم نواز نے کہا کہ 8 فروری کو حافظ آباد میں بھی شیر دھاڑے گا، ہم 28 مئی والے ہیں، 9 مئی والے نہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ 28 مئی والے پاکستان کو سنورانے والے لوگ ہیں، 9 مئی والے پاکستان کو اجاڑنے والے لوگ ہیں، ہم دو روپے میں روٹی دینے والے لوگ ہیں اور 9 مئی والے مہنگائی کا طوفان لانے والے لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کل نواز شریف کا زیادہ وقت اس بات پر لگتا ہے کہ مہنگائی کیسے کم کرنی ہے اور بجلی کے بل کیسے کم کرنے ہیں۔