• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا میں سب سے زیادہ سونے کے ذخائر رکھنے والے ممالک کی فہرست جاری

فائل فوٹو
فائل فوٹو

دنیا کے تمام ممالک سنہری دھات سونے کو اپنے مرکزی بینکوں میں جمع کرتے ہیں جسے گولڈ ریزرو یعنی سونے کے ذخائر کہا جاتا ہے۔

یہاں ایک نظر دنیا میں سب سے زیادہ سونے کے ذخائر رکھنے والے ممالک کی فہرست پر ڈال لیتے ہیں۔

ورلڈ گولڈ کونسل کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ سونے کے ذخائر رکھنے والا ملک امریکا ہے جس کے پاس 8133 ٹن سونا ہے۔

اس فہرست میں جرمنی 3352 ٹن سونے کے ذخائر کے ساتھ دوسرے،  اٹلی 2451 ٹن سونے کے ذخائر کے ساتھ تیسرے، فرانس 2436 ٹن سونے کے ذخائر کے ساتھ چوتھے، روس 2332 ٹن سونے کے ذخائر کے ساتھ پانچویں، چین2191 ٹن سونے کے ذخائر کے ساتھ چھٹے، سوئٹزرلینڈ 1040 ٹن سونے کے ذخائر کے ساتھ ساتویں، جاپان 845 ٹن سونے کے ذخائر کے ساتھ آٹھویں، بھارت 800 ٹن سونے کے ذخائر کے ساتھ نویں جبکہ نیدرلینڈز 612 ٹن سونے کے ذخائر کے ساتھ دسویں نمبر پر ہے۔

ورلڈ گولڈ کونسل کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان 64  ٹن سونے کے ذخائر کے ساتھ فہرست میں 46 ویں نمبر پر ہے۔

رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں سونے کے ذخائر 2023ء کی دوسری سہ ماہی  سے لے کر 2023ء کی تیسری سہ ماہی تک 64.66 ٹن پر برقرار رہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں سونے کے ذخائر 2000ء سے 2023ء تک مجموعی طور پر 64.82 ٹن رہے۔

سونے کے ذخائر کی اہمیت

دنیا کے تمام ممالک سونے کو برے وقت میں اپنی مالی مشکلات پر قابو پانے کے لیے ذخیرہ کرتے ہیں۔

ماضی میں سونے کے ذخائر نے کئی ممالک کی کرنسی کی قدر کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کیا اس لیے کچھ ممالک آج کے دور میں بھی سونے کے ذخائر کو اپنی کرنسی کی قدر کو برقرار رکھنے کے ذریعے کے طور پر دیکھتے ہیں۔

سونا ایک ٹھوس اثاثہ ہے اس لیے کوئی بھی ملک اسے اپنے ذخائر میں شامل کرکے اپنے ملک کو مالی طور پر مستحکم بنا سکتا ہے کیونکہ سونے کو مختلف طریقوں سے استعمال کیا جاسکتا ہے اس لیے یہ کسی بھی ملک کے دیگر اثاثوں کی قدر میں اتار چڑھاؤ سے وابستہ خطرات کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔

سونا کی قیمت ہمیشہ ڈالر کے مترادف ہوتی ہے یعنی جب ڈالر کی قیمت کم ہوتی ہے تو سونے کی قیمت میں اضافہ ہوتا ہے اور جب ڈالر کی قیمت بڑھتی ہے تو سونے کی قیمت میں کمی آتی ہے، اس لیے موجودہ دور میں سونے کے ذخائر کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے کیونکہ اس طرح دنیا بھر کے مرکزی بینکوں کو مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کے دوران اپنے ذخائر کی حفاظت کرنے میں مدد ملتی ہے۔

علاوہ ازیں، سونے کے ذخائر کا بین الاقوامی تجارت میں بھی ایک کردار ہے اس لیے دنیا بھر میں تجارتی عدم توازن کو حل کرنے یا قرضوں کے لیے ضمانت کے طور پر بھی سونے کا استعمال کیا جاتا ہے، یوں سونے کے ذخائر کی موجودگی کسی بھی ملک کی ساکھ کو بڑھا سکتی ہے اور عالمی اقتصادی نظام میں اس کی حیثیت کو برقرار رکھ سکتی ہے۔

تجارتی خبریں سے مزید