• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 1.89 روپے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 1.89 روپے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی، فیصلہ وفاقی حکومت کو بھیج دیا۔

نیپرا کے فیصلے کے مطابق یہ کمی اپریل تا جون 2025ء کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں منظور کی گئی، بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسکوز صارفین پر ہو گا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق اگست تا اکتوبر 2025ء کے 3 ماہ کے لیے ہو گا، بجلی کے صارفین کو اس کمی سے 55 ارب 87 کروڑ 40 لاکھ روپے کا ریلیف ملے گا۔

نیپرا کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق لائف لائن اور پری پیڈ صارفین پر نہیں ہو گا۔

اس حوالے سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نیپرا سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی سستی کرنے کی درخواست کی تھی جس پر نیپرا نے 4 اگست کوسماعت کی تھی۔

دوسری جانب کراچی کے سوا باقی ملک کے لیے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بھی بجلی سستی کر دی گئی جس کا نیپرا نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نیپرا نے بجلی 78 پیسے فی یونٹ سستی کردی، بجلی جون 2025ء کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں سستی کی گئی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بجلی کے صارفین کو کمی کا ریلیف اگست کے بلوں میں ملے گا، بجلی کی قیمت میں اس کمی کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر نہیں ہو گا۔

تجارتی خبریں سے مزید