پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف 73 سال کی عورت سے ڈر کر بیٹھا ہے، میں باہر نکلتی ہوں تو بتاتی ہوں۔
لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت میں یاسمین راشد نے پولیس اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے میڈیا سے بات کرنے دو، میں پہلے ہی جیل میں ہوں، اب کیا مجھے پھانسی لگاؤ گے۔
یاسمین راشد نے کہا کہ آپ کو کس چیز سے ڈر لگتا ہے، ایسا کیا ہوگیا ہے، میں آٹھ مہینے سے خاموش رہی ہوں اب کیا چاہتے ہو، میں عدالت میں ہوں، میں آج یہاں سے نہیں اٹھوں گی، دل کرتا ہے تو زبردستی اٹھا کر لے جاؤ۔
انہوں نے کہا کہ میں جیل میں ہوں، میرے کاغذاتِ نامزدگی منظور ہوئے ہیں، میں یہاں سے ایک شرط پر جاؤں گی کہ میڈیا والوں کو میری تصویر بنانے دیں۔
سابق صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اتنا وقت خاموشی سے گزار چکی ہوں لیکن اب اور نہیں، میں اس عمر میں بھی ایسے لڑوں گی کہ ان لوگوں کو پتا چل جائے گا۔