بھارتی ریاست راجستھان کے صدر مقام جے پور کے ایک ہوٹل کے کمرے میں ایک چیتا گھس آیا۔ جس کے بعد محکمہ جنگلات کے حکام نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد اسے بے ہوش کرکے وہاں سے منتقل کیا۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز ثقافتی ورثے کے ہوٹل کاسل کنوٹا میں آنے والے چیتے کے بچے کو محکمہ جنگلات کے حکام نے وہاں کے ایک اسٹاف روم سے ریسکیو کیا۔ ہوٹل کے منیجر کے مطابق چیتے نے کسی بھی شخص کو نقصان نہیں پہنچایا۔
سوشل میڈیا ایپ ایکس (سابق ٹوئٹر) کی ایک صارف نے ایک ویڈیو پوسٹ شیئر کی ہے جس میں چیتا ایک کمرے میں پھنسا ہوا ہے اور ٹیبل سے زمین پر اتر کر بیٹھا کھڑکی سے اسے دیکھنے والے لوگوں کو دیکھ غرا رہا ہے اور حملہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔
دریں اثنا محکمہ جنگلات کے باسی ایریا کے رینجر پرتھوی راج مینا نے میڈیا کو بتایا کہ یہ نوجوان نر چیتا صبح کے وقت جنگل سے ہوٹل میں گھس آیا، انکا کہنا تھا کہ اسے ابتدائی طبی امداد کے بعد دوبارہ جنگل میں لے جا کر چھوڑ دیا جائے گا۔