• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف مخالفین سے بہت آگے ہیں، خواجہ آصف

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ نواز شریف مخالفین سے بہت آگے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف نے کل حافظ آباد میں بھی اچھا جلسہ کیا ہے، ن لیگی قائد 28 جنوری کو سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سخت سردی پڑ رہی ہے، بے تحاشہ دھند بھی ہے، یہی وجہ ہے جو الیکشن مہم ویسے نہیں چل رہی جیسے پہلے چلتی تھی۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ الیکشن سروے بتارہے ہیں کہ حلقے میں نواز شریف مخالفین سے بہت آگے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ 2018 کے الیکشن میں میرا مقابلہ اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تھا، موجودہ کے مقابلے پچھلا الیکشن ٹف تھا۔

ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ سیالکوٹ میں میرے حلقے میں 49 فیصد خواتین کی آبادی ہے ان کی سوشل میڈیا پر موجودگی 8 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے مخالفین سوائے الزامات کے اور کچھ نہیں کررہے، وہ پی ٹی آئی کا جذباتی کارڈ استعمال کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ میں نے جسٹس اطہر من اللّٰہ سے بھی کہا ہے کہ الزامات سے متعلق انکوائری کرالیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے جتنے وعدے کیے کوئی پورا نہیں کیا، سابقہ حکومت نے سارا وقت الزامات پر سیاست کی۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ورکرز اپنی قیادت سے مایوس ہیں، بانی چیئرمین کی ضد کی وجہ سے مذاکرات کا معاملہ خراب ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوئی شرط نہیں تھی کہ جسٹس عمر عطا بندیال کی ریٹائرمنٹ کے بعد الیکشن ہوں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جس قسم کی عدلیہ چاہتے تھے پورے ملک کو پتا ہے، 5 سال میں ہم نے 4 ججوں کا سامنا کیا، وہ سزا سنا رہے تھے ہم سزا بھگت رہے تھے، جلاوطنی بھگت رہے تھے۔

قومی خبریں سے مزید