اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں رات سے چھائی دھند کی شدت برقرار ہے، حدِ نگاہ کم ہونے سے معمولاتِ زندگی متاثر ہو گئے ہیں۔
موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ پشاور سے اسلام آباد موٹر وے ایم ون ٹریفک کے لیے اب تک بند ہے۔
موٹر وے ایم 2 اسلام آباد سے چکری تک، سوات ایکسپریس وے کرنل شیر خان انٹر چینج سے اسماعیلہ تک اور ایم 14 ہکلہ سے یارک تک شدید دھند کے باعث بدستور بند ہے۔
اٹک شہر اور گردونواح میں دھند کا راج ہے مختلف انٹرچینجز بند ہیں، حد نگاہ بھی دھند کی وجہ سے کم ہے اور ٹھنڈ بھی بڑھ گئی ہے۔
تحصیل جنڈ میں دھند کے باعث 4 گاڑیاں ٹکرا گئیں، حادثے میں 2 افراد زخمی ہو گئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر بڑے شہر آج بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، اسلام آباد، راولپنڈی، ہری پور، لاہور سمیت کئی علاقوں میں شدید دھند ہے۔
پشاور، ہری پور، اسلام آباد اور راولپنڈی بھی آلودہ ترین شہروں میں شامل ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں ایئر کوالٹی انڈیکس 219، راولپنڈی میں 225، پشاور میں 285 اور ہری پور میں 244 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری دھند سے بچنے کے لیے ماسک کا استعمال لازمی کریں۔