مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 8 فروری کو سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالنا، ہم پاکستانی قوم کو بجلی کے 300 یونٹ مفت فراہم کریں گے۔
بھاٹی گیٹ لاہور میں الیکشن آفس کے افتتاح کی تقریب سے خطاب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ لوگ مہنگائی کے ہاتھوں تنگ ہیں، ہم نے اپنی سیاست داؤ پر لگا کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے صرف 16 مہینے میں محنت کر کے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، ہم نے آئی ایم ایف کا پروگرام بحال کیا۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ن لیگ کے دور میں بجلی 7 روپے یونٹ، پیٹرول 78 روپے لیٹر اور چینی 55 روپے کلو ہوتی تھی جو آج 180 روپے میں دستیاب ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سال 2013ء میں ملک بھر میں 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، جو ہماری حکومت نے 2018ء میں ختم کی۔
حمزہ شہباز نے یہ بھی کہا کہ میں نے 250 ارب کی سبسڈی دے کر آٹا سستا کیا، ہم پاکستانی قوم کے لیے بجلی کے 300 یونٹ مفت کریں گے، میں نے بطور وزیراعلیٰ 100 یونٹ بجلی فری دینے کی خوشخبری سنائی تو اُس پر اسٹے آرڈر لے لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے قائدین کو مقدمات میں جیل میں رکھا گیا، 8 فروری کو سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالنا، یہ دن پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ میں تو یہاں انتخابی دفتر کے افتتاح کے لیے آیا ہوں لیکن آپ کے جذبے نے جلسے کا سماں بنادیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم مہنگائی کا جن بوتل میں بند کردیں گے، ن لیگ کے دور میں ڈالر 105 روپے کا ہوتا تھا آج 280 روپے کا ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ 8 فروری کو ملک میں شیر کی آواز آئے گی تو بجلی کے 300 یونٹ فری دیں گے، ہم نوجوانوں کو لیپ ٹاپ بھی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میٹرو بس اور اورنج ٹرین عوام کو سہولت دیتی ہے، نواز شریف نے دہشت گردی ختم کی اور کراچی کا امن بحال کیا۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہمیں اس ملک کو ترقی دینی ہے، زر مبادلہ کمانا ہے، کسان مضبوط ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا۔