• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مخالفین کو رلانے کی خواہش رکھنے والوں کے باعث آج پورا پاکستان رو رہا ہے، مریم نواز

مریم نواز : فوٹو فائل
مریم نواز : فوٹو فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ 2018 سے 2022 تک نااہلی کا اثر پورے پاکستان نے دیکھا اور بھگتا، خواتین رو رہی ہیں کہ گھروں میں گیس نہیں آ رہی۔

لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 119 میں انتخابی ٹیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو رلانے کی خواہش رکھنے والوں کے پیدا کردہ مسائل کے باعث آج پورا پاکستان رو رہا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان، پنجاب اور لاہور کے چپے چپے پر نواز شریف، شہباز شریف کی خدمت کے نشان ہیں، خدمت مشکل کام ہوتا ہے، اس امتحان میں صرف نواز، شہباز سر خرو ہوئے، شہباز شریف کے دور میں پنجاب میں ہر منصوبہ، ہر نوکری میرٹ پر تھی۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے یہ بھی کہا کہ عوام کو پتہ ہے کام کس نے کیا اور سیاسی انتقام کس نے لیا، جھوٹ کس نے بولا، مسلم لیگ ن نہیں ایک خاندان ہیں، خون کے رشتوں سے زیادہ آپس میں جڑے ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ گزشتہ روز کارکن گاڑی سے گر کر زخمی ہوگیا جس کا بہت دکھ ہے، زخمی کارکن کو فون کیا، اس کی خیریت پوچھی، زخمی بچے نے کہا کہ نواز شریف کےلیے جان بھی حاضر ہے، یہ ہے جذبہ ہمارے کارکنوں کا۔

مریم نواز کی پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر مہر محمد وسیم اور ان کے ساتھیوں سے بھی ملاقات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ مہر محمد وسیم اور انکے ساتھی 25 جنوری کو جلسے میں مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔

اس موقع پر پرویز رشید، مریم اورنگزیب، علی پرویز ملک، خواجہ عمران نذیر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

قومی خبریں سے مزید