سعودی عرب نے شہر مکہ میں دنیا کے بلند ترین معلق عبادت گاہ کے افتتاح کے ساتھ ہی عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ عبادت گاہ ایک لوہے کے پل پر تعمیر کی گئی ہے جو مسجد الحرام کے سامنے جبل عمر ہوٹل کے دونوں ٹاورز کو بالائی منزلوں سے جوڑتی ہے۔
یہ سطح سمندر سے 483 میٹر بلندی پر واقع ہے اور یہ بلندی پر ہونے کی وجہ سے نمازیوں کو مسجد الحرام، خانہ کعبہ اور مقدس مقامات کے بے مثال نظارے پیش کرتی ہے۔
اس عبادت گاہ کا ہال 550 مربع میٹر کے رقبے پر قائم کیا گیا ہے جس میں 520 افراد نماز ادا کرسکتے ہیں جبکہ فجر کی ادائیگی کے بعد نمازی یہاں سے مکہ مکرمہ شہر پر طلوع آفتاب کے مناظر سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس معلق عبادت گاہ کا ڈیزائن قدیم عرب ڈیزائن اور جدید فن تعمیر کا خوبصورت امتزاج ہے۔ عربی رسم الخط کی تحریروں نے اس کے وقار اور حسن کو دوبالا کردیا ہے، اسمائے حسنیٰ خوبصورت رسم الخط میں تحریر ہیں جو عظیم اسلامی ورثے کا پتہ دے رہے ہیں۔
جبل عمر ڈیولپمنٹ کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین خالد العمودی نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اس عبادت گاہ کے اندراج پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔