مصنّف: ملک محمّد عثمان
صفحات: 168، قیمت: درج نہیں
ناشر: دارالحکمۃ الخالدیہ۔ مکان نمبر 91، ویلی ریور روڈ، رفیع بلاک، فیز 8، بحریہ ٹاؤن، راول پنڈی۔
زیرِ نظر کتاب 50حکایات پر مشتمل ہے اور ہر حکایت میں کوئی نہ کوئی سبق یا پیغام موجود ہے۔ حکایات کی تشریح بھی نہایت سہل انداز میں کی گئی ہے۔ کتاب کے مدیر، محمّد انور نے لکھا ہے کہ’’اِس کتاب کی مثال ایسے ہی ہے، جیسے گلاب کی کلی سے پھول بننے کا عمل‘‘۔ زیرِ نظر کتاب میں گاہے گاہے قرآن و حدیث کے نصوص، مولانا جلال الدّین رومیؒ اور علّامہ اقبالؒ کے افکار سے استفادہ کیا گیا ہے، جب کہ تصاویر کے ذریعے بھی کتاب کی معنویّت اور افادیت میں اضافہ کیا گیا۔
حکایات کی بھی ایک تاریخ ہے، چھٹی صدی قبلِ مسیح میں’’حکایاتِ لقمان‘‘ کا سراغ ملتا ہے، جب کہ ’’حکایاتِ سعدی‘‘ اور ’’حکایاتِ خلیل جبران‘‘ بھی ادب میں شاہ کار کا درجہ رکھتی ہیں۔ نیز، ملک محمّد عثمان نے بھی حکایات کی روایت کو مزید استحکام عطا کیا ہے۔ یہ کتاب معنوی اعتبار سے اہم ہی ہے، یقیناً اس کا ظاہری حُسن بھی قارئین کو اپنی طرف متوجّہ کرے گا۔
وسیے یہ حکایات رمزیہ انداز میں لکھی گئی ہیں اور ہر حکایت انسان کے ذہنی، نفسیاتی، نظریاتی، معاشرتی اور روحانی پہلوؤں کا احاطہ کرتی ہے۔ ہر حکایت کے بیان میں پہلے متنِ حکایت دیا گیا ہے، پھر شرح بیان کی گئی ہے۔ اور سچ تو یہ ہے کہ معاشرے کو علم و آگاہی سے لب ریز ایسی ہی کتب کی ضرورت ہے۔