• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

(شرح شکوہ، جوابِ شکوہ)

شارح: ڈاکٹر عابد شیروانی

صفحات: 384، قیمت: 1000روپے

ناشر: علّامہ اقبال اسٹوڈیو، کراچی۔

فون نمبر: 2663492 - 0309

ڈاکٹر عابد شیروانی کا شمار کراچی کے اُن دانش وَروں میں ہوتا ہے، جنہوں نے علّامہ اقبالؒ کو اپنی فکر کا محور بنایا۔’’ اقبالیات‘‘ پر لاہور میں جو کام ہوا ہے یا ہورہا ہے،وہ بلاشبہ قابلِ تحسین وستائش ہے،جب کہ ایک زمانے میں کراچی بھی اِس حوالے سے پیش پیش تھا، لیکن اب وہ لوگ ہی نہیں رہے، جن پر ناز کیا جاتا تھا۔اس فضا میں ڈاکٹر عابد شیروانی کا دَم غنیمت ہے کہ اُنہوں نے’’اقبالیات‘‘ کو اپنا موضوع بنایا۔ اُنہوں نے ایک سال قبل اقبال کی نظم’’ مسجدِ قرطبہ‘‘ کی شرح لکھی تھی، جو’’ اسپین، اقبال کا دوسرا خواب‘‘ کے نام سے منظرِ عام پر آئی اور علمی وادبی حلقوں سے غیر معمولی پذیرائی حاصل کی۔

ہمارے پیشِ نظر اُن کی دوسری کتاب ہے، جس میں علّامہ اقبال کی مشہورِ زمانہ نظموں’’ شکوہ، جوابِ شکوہ‘‘ کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ کلامِ اقبال کے حوالے سے زیادہ تشریحات ان ہی دونظموں کی لکھی گئی ہیں۔ کتاب کی اہمیت وافادیت اِس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ عابد شیروانی نے جدید لب ولہجہ اختیار کیا ہے۔’’ فریادِ گل وبلبل‘‘ اور’’ زیاں کاروسود فراموش‘‘ کے عنوانات قائم کرکے شارح نے نہ صرف شکوے کی اہمیت اجاگر کی، بلکہ قارئین کو بھی اپنا ہم نوا بنالیا۔ 

بلاشبہ، ڈاکٹر عابد شیروانی، عاشقِ اقبال ہیں، اُنہوں نے اپنی زندگی اقبالیات پر کام کے لیے وقف کردی ہے اور کراچی میں ایک’’ علّامہ اقبال اسٹوڈیو ‘‘ بھی قائم کیا ہے، جو اقبال سے عقیدت ومحبّت کا مظہر ہے۔نیز، کتاب پر ڈاکٹر معین الدّین عقیل، محمود شام، پروفیسر خیال آفاقی، ڈاکٹر رئیس صمدانی، افضل رضوی اور رانا خالد محمود نے مضامین تحریر کرکے ڈاکٹر عابد شیروانی کو سندِ اعتبار عطا کی ہے۔