• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتّب: طلعت عمران

حسبِ روایت، سالِ نو کے لیے، آپ کو اپنے پیاروں کے نام پیغامات بھیجنے کا سندیسہ دیا، تو آپ کی جانب سے ہمیشہ کی طرح کچھ کھٹ مٹھے، محبّت بَھرے اور کچھ تیکھے الفاظ میں گُندھے دِلی جذبات و احساسات پر مبنی پیغامات کا گویا ایک انبار سا لگ گیا۔ خواہشوں، امیدوں، خوشیوں اور نیک تمنّائوں سے بھرپور پیغامات کا پہلا حصّہ آپ ملاحظہ فرما چُکے۔ آج حاضرِخدمت ہے ، ایک پیغام، پیاروں کے نام کا دوسرا اور آخری حصّہ۔

(اپنی فیملی کے نام)

اللہ سبحانہ و تعالیٰ نئے سال میں میری پوری فیملی کو متّحد اور خوش و خُرّم اور ہم پر اپنے والدین کا سایہ قائم و دائم رکھے۔ اللہ تعالیٰ میری پیاری امّی کو تکلیف دہ بیماری سے نجات عطا فرمائے۔ ماہِ جنوری میں میری چھوٹی بہن، مایا خان کی سال گرہ ہے۔ میری دُعا ہے کہ اُسے قدم قدم پر کام یابیاں نصیب ہوں۔آمین۔ (ثناء توفیق خان، ماڈل کالونی ملیر، کراچی)

(اپنے پیاروں کے نام)

مَیں سمندر پار سے اپنے پیاروں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ 8فروری کے بعد نئی امیدیں اور توقعات روشن ہوں گی اور دُنیا ایک نیا پاکستان بنتے ہوئے دیکھے گی، ان شاء اللہ تعالیٰ۔ (قاسم عبّاس، ٹورنٹو، کینیڈا کا پیغام)

(شریکِ حیات، راشدہ اطہر کے نام)

میرے چمنستانِ ہستی کی انتالیس کیف آگیں اور مسرور کن بہاریں گزارنے کے بعد اللہ قدوس و رحیم تمہیں سالِ نو کے دوران مزید مسرّتیں اور شادمانیاں نصیب کرے۔ (ڈاکٹر اطہر رانا کے عزیز از جان بیگم کے لیے والہانہ جذبات)

(والدین کے نام)

والدین ہمیشہ اپنی اولاد کو ایک پُر آسائش اور خوش گوار زندگی فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہتے ہیں اور اس مقصد کے لیے اپنا آرام اور سُکھ، چین تیاگ دیتے ہیں۔ سالِ نو کے آغاز پر ہم اپنے ایثار کیش والدین کی صحت و سلامتی اور درازیٔ عُمر کے لیے دُعا گو ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمارے والدین کو ان کی قربانیوں کا اجرِ عظیم عطا فرمائے۔ آمین۔ (ایمان کامران اور عبد الرحمٰن خان، مُرشد ٹاؤن، کھنّہ کاک، راول پنڈی کا خراجِ تحسین)

(مرحوم والدین کے نام)

سالِ نو امیدوں، خوشیوں اور امنگوں کا پیام بَر ہوتا ہے، مگر والدین کے بغیر تمام مسرّتیں ادھوری محسوس ہوتی ہیں۔ اس موقعے پر شدّت سے ان کی یاد ستانے لگتی ہے، تو ہم اللہ کے حضور ان کی بخشش و مغفرت کے لیے ہاتھ اُٹھا لیتے ہیں۔ (زاہد احمد خان، کامران احمد خان، سمیرا خان، شازمہ خان ،مرشد ٹاؤن، کھنہّ کاک، راول پنڈی کی فریاد)

( پیارے ہم سفر، عثمان کے نام)

میری دُعا ہے کہ آپ نئے سال کے ہر پَل ہنستے مسکراتے رہیں اور اللہ تعالیٰ آپ پر ہمیشہ مہربان رہے۔ میری ساری چاہتیں، مسکراہٹیں اور دُعائیں آپ ہی کے لیے ہیں۔ اللہ ربُّ العزّت آپ کو سدا تن دُرست اور میرے سَر پر آپ کا سایہ ہمیشہ قائم رکھے۔ (آمین) (شائستہ، لاہورکا شریکِ حیات سے اظہارِ الفت)

(پیاری بہنوں کے نام)

پیاری بہنوں کوثر باجی، نفیسہ باجی، رانی الماس اور رفعت کو نیا سال مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ آپ کو سدا خوش رکھے۔ آمین۔ (سونیا عبّاس علی قریشی، حیدر آباد کی نیک تمنّا)

(والدہ مرحومہ کے نام)

میری والدہ زیب النّساء 21جولائی 2023ء کو ہم سب کو چھوڑ کر اس جہانِ فانی سے رخصت ہو گئیں۔ اللہ تعالیٰ میری والدہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔ (محمد سلام، حیدرآباد، سندھ کی دُعا)

(قارئینِ کرام کے نام)

پھر نیا سال، نئی صبح ، نئی امیدیں

اے خدا خیر کی خبروں کے اُجالے رکھنا ( لیاقت مظہر باقری، گلشنِ اقبال، کراچی سے)

(محبِّ وطن پاکستانیوں کے نام)

تمام محبِّ وطن پاکستانیوں کو نیا سال مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ اس نئے سال میں ہمارا مُلک امن و اخوّت اور روادای کا گہوارہ بن جائے۔ (سیّد شاہ عالم زمرّد اکبر آبادی، راول پنڈی کی تمنّا)

(اُمتِ مسلمہ کے نام)

اگر دُنیا بَھر کے مسلمان متّحد ہو جائیں، تو دشمن لاکھ کوشش کے باوجود انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ نئے برس میں مسلمانوں کو اتحاد و اتفاق نصیب فرمائے۔ آمین ۔ (پرنس افضل شاہین، ڈھاباں بازار، بہاول نگر سے)

(مسلمانانِ عالم کے لیے)

میری دُعا اور دِلی خواہش ہے کہ اُمّتِ مسلمہ اقوامِ مغرب پر قیاس کرنے کی بہ جائے قومِ رسولِ ہاشمیؐ کی خا ص ترکیب ملحوظِ خاطر رکھے، تاکہ فلسطین سمیت مسلم اُمّہ کے تمام مسائل حل ہو جائیں اور دُنیا امن کا گہوارہ بن جائے۔ (ڈاکٹر محمد حمزہ خان ڈاہا، لاہورکی نصیحت)

(ضیاء الحق قائم خانی کے نام)

شادرہو ، آباد رہو اور محبت کے بانڈ سے دِلوں کو جوڑتے رہو۔ (عارف،شاہد،بلال، وقاص، عباس، اویس، اُسامہ، حنظلہ، احمد، عمران، احسن، حارث، خضر، آصف، ذاکر، مدثر، معاذ، عمار، دانیال، اسد، عزیر، شعیب، وقار، ضرار،طلحہ، زین، سفیان، ریان اور حذیفہ، جُھڈّو، میر پور میرس سے)

( نجمی میاں کے نام)

نجمی میاں! آپ ایک طویل عرصے سے اسلامی موضوعات پر عرق ریزی سے تحقیق کر رہے ہیں، جو ہر ایک کے بس کی بات نہیں۔ یہ توفیق اللہ تعالیٰ اپنے خاص بندوں کو عطا فرماتا ہے۔ اس حوالے سے مَیں ہمیشہ آپ کے لیے دُعا گو رہوں گا۔ (آپ کا خیر خواہ، پروفیسر سیّد منصور علی خان، کراچی)

(نرجس ملک کے نام)

پرنٹ میڈیا کے مشکل اور کٹھن وقت میں تم نے جس طرح ’’سن ڈے میگزین‘‘ کا معیار برقرار رکھا ہوا ہے، اس کی مثال نہیں ملتی۔ تم بالکل اسی طرح اس جریدے کی پرورش و نگہبانی کر رہی ہو، جیسے ایک ماں اپنے بچّے کی کرتی ہے۔’’ سرچشمۂ ہدایت‘‘ میں نجمی میاں کے مضامین کی اشاعت، قارئین پر تمہارا بڑا احسان ہے اور اس کا صلہ اللہ تعالیٰ تمہیں ضرور دے گا۔ (تمہارے لیے دُعاگو، پروفیسر ایس ایم علی خان، کراچی سے)

(عالمِ اسلام کے نام)

ربِّ کریم سے التجا ہے کہ 2024ء ہمارے مُلک سمیت پورے عالمِ اسلام کے لیے امن و شانتی اور صیہونی طاقتوں سے نجات کا سال ثابت ہو۔ نیز، عام انتخابات کے نتیجے میں مُلک میں ایک اہل و ایمان دار حکومت قائم ہو۔ ہم زید، حفظہ، ایمن، روحان اور ارحم کو نئے سال کی مبارک باد بھی پیش کرتے ہیں۔ (ڈاکٹر شاہ جہاں کھتری، سیمل صفا علی اور ڈاکٹر اسامہ اقبال، کراچی کی جانب سے)

(من موہنے پوتے، رانا محمد المیرکے نام)

سارے گھر کی جان اور میرے راج دُلارے، المیر!خدا تمہیں نئے سال میں اپنی رحمتوں اور نوازشوں کے سائے میں یونہی چہکتا مہکتا رکھے۔آمین۔ (راشدہ اطہر، فیصل آبادکی اَن مول چاہت)

(اہلِ پاکستان کے نام)

پاکستان اللہ تعالیٰ کی ایک بہت بڑی نعمت ہے۔ سالِ نو کے موقعے پر ہمیں خود سے یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم برداشت و رواداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے امن و محبّت گہوارہ بنائیں گے۔ (محمد شیرازعالم، راول پنڈی کی نصیحت)

(آئیڈیل ، اتالیق، سائیں محمد عارف مغل کے نام)

میں اپنے آئیڈیل اور اتالیق، سائیں محمد عارف مغل کو نئے سال کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ وہ مُجھے ہمیشہ یہی سمجھاتے ہیں کہ زندگی کبھی پُرسکون نہیں ہوتی اور آپ کو ہر لمحے کسی نئے چیلنج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر آپ اپنے جیون کو خوش گوار بنانا چاہتے ہیں، تو ہمیشہ دوسروں کے لیے اچھا اور مثبت سوچیں۔ اللہ تعالیٰ میرے محسن اور استاد جی کو سدا سکھی رکھے۔ آمین۔ (اشوک کُمار کولہی، گوٹھ جکھراڑی، کوٹ غلام محمد کی دُعا)

(نئے سال کے نام)

نئے سال! تم جب بھی آنا…سب کے لیے بس خوشیاں لانا…ہر چہرے پر ہنسی سجانا…ہر آنگن میں پُھول کھلانا…نئے سال !تم جب بھی آنا…جو بچھڑے ہیں، اُنہیں ملانا…جو روتےہیں،اُنہیں ہنسانا…جوسوئے ہیں، اُنہیں جگانا…جو روٹھے ہیں، اُنہیں منانا…دل کے ارماں پورے کرنا…سب کی دُعائیں پوری کرنا…نئے سال!! تم جب بھی آنا۔ (پرنس افضل شاہین، ڈھاباں بازار، بہاول نگر کی تمنّا)

(تمام پاکستانیوں کے نام)

نہ کوئی رنج کا لمحہ کسی کے پاس آئے

خدا کرے کہ نیا سال سب کو راس آئے (لیاقت نواز اعوان، ہری پور سے)

(پردیسیوں کے نام)

اب کے سال تم ایسا کرنا…بیتے سال کو یاد نہ کرنا…دل اپنا ناشاد نہ کرنا…پیار بھرے خط لکھتے رہنا…شکوہ کوئی لب پر نہ لانا…اپنا سوہنا رُوپ سجا کر…پہروں بیٹھ کے سوچتے رہنا…مستقبل کی باتیں کرنا…گزرے سال کو یاد نہ کرنا…اب کے سال تم ایسا نہ کرنا۔ (سیّد احتشام الحق،ڈھاباں بازار بہاول نگر کا پیغام)

نئے سال میں پچھلی نفرتیں بُھلادیں

چلو اپنی دُنیا کو جنّت بنا دیں (مدیحہ لیاقت اعوان، ہری پور)

(میرے سب پیاروں کے نام)

گزشتہ سال کوئی مصلحت رہی ہوگی

گزشتہ سال کے سُکھ اب کے سا ل دے مولا!! (ثمرہ لیاقت اعوان کی امریکا سے دُعا)

(شر پھیلانے اور اُن کا ساتھ دینے والوں کے لیے)

آگ لگانے والوں کو کہاں خبر

رُخ ہواؤں نے بدلا، تو خاک وہ بھی ہوں گے (محمد علی، امریکا کا پیغام)

(کچھ دوستوں، چاہنے والوں کے نام)

کبھی نرمی، کبھی سختی، کبھی الجھن، کبھی ڈر…وقت اے دوست!بہر حال گزر جاتا ہے…لمحہ لمحہ نظر آتا تھا ، کبھی اِک اِک سال…ایک لمحے میں کبھی سال گزر جاتا ہے۔ (بابر سلیم خان ، سلامتی پورہ، لاہورکی خوشہ چینی)

(اُمّتِ مسلمہ کے نام)

خار زارِ غم کو پیروں سے کُچلنا ہے ہمیں…جادۂ منزل میں گرنا ہے، سنبھلنا ہے ہمیں… درس ایسا دے کہ دل آزردۂ منزل نہ ہو…فکر لاحاصل نہ ہو، اندیشۂ باطل نہ ہو۔ (نرجس مختار، خیرپور میرس، سندھ کا پیغام)

( اہلِ پاکستان کے نام)

میری دُعا ہے کہ رواں برس رحمتِ ربّانی سے دینِ اسلام کا بول بالا ، نفرتوں، عداوتوں اور نفسا نفسی کا خاتمہ ہو۔ مصائب و آلام کے بادل چَھٹ جائیں۔ سالِ نو امن و سلامتی، پیار و محبّت اور خلوص و یگانگت کی نوید بن جائے اور عام انتخابات کے نتیجے میں مُلک میں حقیقی جمہوری حکومت کا قیام عمل میں آئے۔ آمین۔ (ایم این قریشی، کراچی کی پُرخلوص دُعا)

(مظلوم فلسطینیوں کے نام)

اللہ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ ظالم اسرائیل کی بے حسی، سفّاکیت اورخود سَری سے جنم لینے والی مظلوم فلسطینیوں کی آہیں اور سسکیاں نئے سال میں مسکراہٹوں اور خوشیوں میں بدل جائیں۔ (مریم طلعت محمود بیگ، لاہورکی دِلی آرزو)

(محمود میاں نجمی کے نام)

میاں جی! اپنی تحاریر کے ذریعے دِین کی سمجھ بوجھ اور کلام اللہ کی قُربت فراہم کرنے پر مُجھ سمیت سن ڈے میگزین کے لاکھوں قارئین آپ کے بےحد ممنون ہیں۔ آپ نے ’’قصص القرآن‘‘ سے متعلق مضامین اس قدر پرُ اثر انداز میں قلم بند کیے کہ قرآنِ پاک کی متعلقہ سورہ کی تلاوت کرتے ہوئے اس کا پورا مفہوم سمجھ میں آ جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو عمرِ خضر عطا فرمائے، آمین۔ (شاہدہ تبسّم، ڈی ایچ اے، کراچی کی عقیدت)

(بچھڑے دوست، شاہد مجتبیٰ کے نام)

شاہد مجتبیٰ ولد عبدالقدیر خان 45سال قبل میرے ساتھ کراچی میں واقع ایک سرکاری ادارے میں کام کیا کرتا تھا اور ہم دونوں میں گہری دوستی تھی۔ پھر اچانک اُس کا تبادلہ راول پنڈی کر دیا گیا۔ تاہم، ہمارے درمیان خط و کتابت جاری رہی، لیکن پھر اچانک ہی سارے رابطے منقطع ہو گئے۔ مَیں نے اُسے بہت تلاش کیا، مگر کام یابی نہیں ملی۔ مُجھے اکثر اُس کی یاد ستاتی ہے۔ اگر شاہد مجتبیٰ خود یا اُس کا کوئی رشتے دار میری یہ فریاد پڑھے، تو مجھ سے فوراً رابطہ کرے۔ (محمد نعیم قریشی، کراچی کی التجا)

(سابق میٹرو پولیٹن کمشنر، ڈاکٹر سیّد سیف الرحمٰن کے نام)

ہزار ہا شجرِ سایہ دار کے ذریعے ِکڈنی ہِل پارک کو وجود بخشنے والے سابق میٹروپولیٹن کمشنر کا ’’آکسیجن ٹینک ‘‘آج کراچی کے حُسن کو چار چاند لگا رہا ہے۔ انتہائی جفاکش، انسان دوست اور یاروں کے یار، ڈاکٹر سیّد سیف الرحمٰن اور ان کی پُرجوش و پُرخلوص ٹیم کو نیا سال مبارک ہو۔ جب بھی شہرِ کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں سرسراتی ہیں، تو اہلِ کراچی کے دلوں سے اُن کے لیے دُعائیں نکلتی ہیں۔ بہ قول وسیم بریلوی؎ جہاں رہے گا، وہیں روشنی لُٹائے گا… کسی چراغ کا اپنا مکاں نہیں ہوتا۔ (ضیاء الحق قائم خانی، جُھڈّو، میرپورخاص کا خراجِ تحسین)