سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جس پارٹی کا منشور ہماری پارٹی کے قریب ہوگا اس سے بات ہو گی۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری بہت مؤثر انتخابی مہم چلا رہے ہیں، سردی کے باوجود الیکشن میں ٹرن آؤٹ اچھا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ہوتی تو 10 سال پہلے ہی علیحدہ سرائیکی صوبہ بن گیا ہوتا، آج آپ کی اپنی اسمبلی، ہائی کورٹ اور این ایف سی میں حصہ ہوتا، میں تعصب پسند نہیں لیکن صوبے کا نام سرائیکی زبان کے مطابق ہونا چاہیے۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ آج سرائیکی پارٹی کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، بلاول بھٹو کے جلسے میں سرائیکی پارٹی کے کارکنوں کو مدعو کروں گا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ بجٹ میں اس خطے کے لیے فنڈز تو مختص ہو جاتے ہیں لیکن وہ اس خطے پر نہیں لگائے جاتے، خیبر پختونخوا کو پہچان پیپلز پارٹی نے دی ہے۔
سابق وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے 90 دن میں علیحدہ صوبہ بنانے کا وعدہ کیا مگرانہوں نے اپنی حکومت میں پورا نہ کیا۔