آسٹریا کی ایک مقامی کمپنی نے چار ہفتوں تک زیر آب رہنے والی ایک لگژری آبدوز بنانے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔
میگالو نامی کمپنی نے میگالو ایم 5 کے نام سے لگژری آبدوز بنانے کا منصوبہ تیار کیا ہے یہ آبدوز 541 فٹ لمبی ہوگی جس میں 20 مسافروں اور 40 افراد پر مبنی عملے کو رکھنے کی گنجائش ہوگی اور یہ سمندر میں 250 میٹر کی گہرائی تک جانے کی صلاحیت رکھتی ہوگی۔
اس سُپر آبدوز میں مزید پانی کے اندر مہم جوئی کے لیے 6 افراد کی گنجائش والی 2 اور آبدوزیں بھی موجود ہوں گی۔
علاوہ ازیں، اس آبدوز میں ایک سوئمنگ پول، وائن سیلر، ایک ہیلی پیڈ اور جیٹ سکی کے لیے ایک کمرہ بھی موجود ہوگا۔
اس آبدوز کی تعمیر پر تقریباََ 3 بلین آسٹرین ڈالرز کی لاگت آئے گی جس سے ایک بات تو واضح ہے کہ اس سے صرف امیر لوگ ہی مستفید ہو سکیں گے۔
اس حوالے سے کمپنی کے سی ای او کرسچن گمپولڈ کا کہنا ہے کہ کمپنی نے اپناہدف موجودہ سپُر یاٹ کا تجربہ رکھنے یا نہ رکھنے والے ارب پتی افراد کو رکھا ہے کیوں کہ یہ لوگ انتہائی نوعیت کے ایڈونچر سے بھرپور تجربے کا تقاضہ کرتے ہیں۔
ان کا کہناہے کہ اس کو ایک نیا منصوبہ ہونے کی وجہ سے مالی وسائل کی ضرورت ہوگی اور اس کو ڈیزائن کرنے اور پھر اس کی تعمیر کے لیے بھی وقت درکار ہوگا۔
کرسچن گمپولڈ کا کہنا ہے کہ کمپنی فی الحال اس منصوبے میں دلچسپی ظاہر کرنے والے افراد سے بات چیت میں مصروف ہے۔