• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہماری طاقت کو نہ للکارا جائے، حرکت میں آگئے تو کوئی کرسی نہیں بچا سکے گا، فضل الرحمان


ملکی معیشت کو ساڑھے تین سال باقاعدہ منصوبہ بندی سے گرا یا گیا: مولانا فضل الرحمان: فوٹو ایکس
ملکی معیشت کو ساڑھے تین سال باقاعدہ منصوبہ بندی سے گرا یا گیا: مولانا فضل الرحمان: فوٹو ایکس

جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہماری طاقت کو نہ للکارا جائے، ہم حرکت میں آگئے تو کوئی کرسی نہیں بچا سکے گا۔

ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارے امیدواروں کو الیکشن میں بیٹھنے کے لیے دھمکایا جا رہا ہے، ان سے کہوں گا ہماری طاقت کو نہ للکارا جائے، ہم حرکت میں آگئے تو کوئی کرسی نہیں بچا سکے گا، ہماری طاقت کے بارے میں پوچھنا ہے تو فتنے سے پوچھو جو ختم ہو چکا ہے۔

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت، کوئی پاکستانی سوچ سمجھ کر ملک کو نقصان نہیں پہنچا سکتا، سوائے ایک فتنے کے جو ملک کو معاشی لحاظ سے تباہ کرنے کے ایجنڈے پر آیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو ساڑھے تین سال باقاعدہ منصوبہ بندی سے گرا یا گیا۔

سربراہ جے یو آئی نے یہ بھی کہا کہ ہر امیدوار سوچتا ہے اسمبلی کا ممبر بن کر کونسی وزارت میں زیادہ پیسا بنایا جا سکتا ہے، ایسی سیاست کرنی ہے جس سے عام آدمی کے حقوق پورے کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاست دان ووٹ کی حد تک عوام کی خدمت کی بات کرتا ہے، شریعت اسلامیہ ہمیں لوگوں کی مدد کرنے کا حکم دیتی ہے، ملک کی سیاست پر جاگیرداری اور سرمایہ کاری کا قبضہ ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ایسا نظام ہونا چاہیے کہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر کارروائی ہو، اگر امن نہیں ہوگا تو معیشت مضبوط نہیں ہو سکتی، امن و امان کی ناقص صورتحال کی وجہ سے معیشت کمزور ہوئی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس وقت انسانی حقوق نظر نہیں آیا جب افغانستان میں لوگوں پر تشدد کیا جا رہا تھا،  25 ہزار فلسطینی شہید کیے جا چکے، پھر بھی امریکا امن کا دعویدار ہے۔

قومی خبریں سے مزید