ایک چینی کمپنی نے انتہائی چھوٹے سائز کی ایک ایٹمی بیٹری تیار کی ہے جو کہ 50 برس تک چل سکتی ہے اور اسے ری چارج کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اطلاعات کے مطابق بیٹاوولٹ نامی چینی کمپنی نے حال ہی میں BV100 بیٹری متعارف کروائی ہے، یہ سائز میں ایک سکے سے بھی چھوٹی ہے لیکن اس کے کام کرنے کی مدت 50 برس ہے اور اسے ری چارجنگ کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
ایٹمی بیٹری ویسے تو نئی چیز نہیں، کیونکہ امریکا اور روس ایسے پاور یونٹ 1960 کی دہائی کے دوران بنا چکے ہیں۔
تاہم وہ ایٹمی بیٹری بڑے سائز کے ساتھ خطرناک اور بنانے میں کافی مہنگی ہوتی تھی اور اس میں ریڈیوایکٹیو پاور کا ذریعہ پلوٹونیم ہوتا تھا۔
لیکن اب سائنس کی ترقی کے باعث یہ بیٹری محفوظ آئیسوٹوپ اور نِکل 63 پر انحصار کرتی ہے۔ یہ روایتی بیٹری کے برخلاف مسلسل بجلی پیدا کرتی ہے جبکہ روایتی بیٹری توانائی کو صرف اسٹور کرسکتی ہے۔