ایران میں پاکستانیوں کو کیسے قتل کیا گیا؟ مقتول زبیر کے دوست نجیب الرحمان نے واقعے سے متعلق جیو نیوز کو بتا دیا۔
ایران کے علاقے سراوان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 9 پاکستانی جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والے دو پاکستانیوں کا تعلق لودھراں سے تھا، واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد اہلخانہ غم سے نڈھال ہیں۔
پاکستانیوں کےقتل پر ایران میں موجود مقتول زبیر کے دوست نجیب الرحمان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ سے اظہر جاں بحق اور اس کا بھائی بھی زخمی ہوا۔
نجیب الرحمان کا کہنا ہے کہ مقتول اظہر کے زخمی بھائی نے بتایا کہ 2 مسلح افراد کوارٹر میں داخل ہوئے اور فائرنگ کر دی۔
مقتول زبیر کے دوست نے کہا کہ اظہر کے زخمی بھائی نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ رات ڈیڑھ 2 بجے پیش آیا، جس میں 9 افراد جاں اور 3 زخمی ہوئے۔
نجیب الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے کوارٹر کا فاصلہ مقتولین کے کوارٹر سے تھوڑے فاصلے پر ہے، کوارٹر کے فاصلے اور سردی کی وجہ سے فائرنگ کی آواز نہیں آئی۔