عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم کے بعد ریاست ہماری دشمن بن گئی ہے۔
چارسدہ میں انتخابی جلسے سے خطاب میں ایمل ولی خان نے کہا کہ ہم صوبوں کو جائز حقوق دینا چاہتے ہیں، 18ویں ترمیم کے ذریعے صوبائی خود مختاری حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد ریاست ہماری دشمن بن گئی، بجلی ہم بنا رہے ہیں اور زیادہ لوڈشیڈنگ برداشت کر رہے ہیں، گیس ہماری ہے لیکن ہم اس سے محروم ہیں۔
اے این پی رہنما نے مزید کہا کہ ہم دہشت گردی سےبری طرح متاثر ہوئے،2013ء کے انتخابات میں انتخابی مہم چلانے نہیں دی گئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں پرائی جنگوں میں جھونکا گیا، میں اپنے بچے کےلیے بندوق نہیں چاہتا، ووٹ دینے سے کوئی جنت یا دوزخ نہیں ملتی۔
ایمل ولی خان نے یہ بھی کہا کہ آزاد امیدوار بکیں گے اور لوٹے تو ضرور بکیں گے، بعض امیدواروں کو لوٹا کہنا بھی لوٹے کی توہین ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست نے پی ٹی آئی کو بری طرح گھیر لیا ہے، آزاد امیدوار ایک تھپڑ سے پرویز خٹک کے ساتھ شامل ہوں گے۔ آزاد امیدوار کو ووٹ دینا پرویز خٹک کو ووٹ دینا ہے۔