آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے، کہیں ہلکی، کہیں تیز برف باری سے موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے موسم کے پیشِ نظر سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایات کر دی ہیں۔
وادیٔ نیلم کے بالائی علاقے برف سے ڈھکے ہوئے ہیں، لوات بالا، جاگراں ویلی اور شونٹھر ویلی خوبصورت مناظر پیش کر رہی ہیں۔
گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے پہاڑوں پر بھی ہلکی برف باری جاری ہے اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
علاوہ ازیں صوبۂ خیبر پختون خوا کے ضلع ہنگو میں صبح سے ہلکی بارش ہو رہی ہے جبکہ پاک ایران سرحدی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں نے موسم مزید سرد کر دیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان، خیبر پختون خوا، بلوچستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں آج بھی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق پنجاب اور سندھ کے کچھ علاقوں میں دھند چھائی رہے گی۔