جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان ہے نہ روزگار، معیشت کا اچھا حال نہیں، پھر آپ ووٹ کی امید کیسے کر سکتے ہیں۔
لاڑکانہ میں جے یو آئی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جمہوری سیاست میں تمام ذمے داری سیاستدانوں پر ڈالی جاتی ہے، الیکشن کے دنوں میں یہ ذمے داری عوام کو منتقل ہو جاتی ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ بے امنی کا کیا حال ہے ہم سوچتے رہے کہ ہم الیکشن میں کیسے جائیں، سیاستداں خود سوچ رہے تھے کہ عوام کے پاس کیسے جائیں گے، ہمیں زمینی حقائق پر بات کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ معاہدے پر عمل کریں گے۔
علاوہ ازیں جے یو آئی کی تقریب سے مولانا راشد محمود سومرو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سندھ کے عوام اپنے مینڈیٹ کو بچانے خود میدان میں اترے ہیں، پیپلز پارٹی نے مینڈیٹ چوری کرنے کی کوشش کی تو تحریک کا آغاز ہو 0گا۔
مدرسہ اشاعت القرآن والحدیث میں جے یو آئی ایف کی تقریب سے پی ایس 10 سے جے یو آئی کے امیدوار مولانا طاہر محمود سومرو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے حلقے سے 15 سال سے فریال تالپور نامزد ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فریال تالپور کو چیلنج کرتا ہوں کے وہ اپنے حلقے میں صرف یوسیز کی تعداد ہی بتا دیں۔