چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بلاول اور میں آپ کی آواز ہیں۔
آصفہ بھٹو زرداری نے کراچی میں لیاری کے علاقے آگرہ تاج میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پاس عوام دوست منشور ہے جس سے عوام کی زندگی بہتر ہوگی۔
انکا کہنا تھا کہ وعدہ کرتے ہیں غربت اور بھوک کا خاتمہ کریں گے، آپ کو مالکانہ حقوق دیں گے، آپ کے بچوں کو مفت تعلیم اور صحت کی سہولتیں دیں گے۔
آصفہ بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ عوام کو 300 یونٹ تک مفت بجلی دیں گے۔
چیئرمین پی پی کی ہمشیرہ کا کہنا تھا کہ ہم مل کر پاکستان کی تقدیر بدل سکتے ہیں، بلاول زرداری کو موقع دیں کہ وہ آپ کے حقوق کےلیے لڑ سکے۔
آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ نہ بلاول کبھی خاموش رہے گا نہ میں کبھی خاموش رہوں گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ لیاری والے ہماری خوسشیوں اور غموں میں ہمارے ساتھ رہے ہیں، ہم آپ کو مفت تعلیم اور علاج دینے کا وعدہ کرتے ہیں، ہم کچی آبادی کو ریگولائز کرنے کا وعدہ کرتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ آپ اپنے ووٹ کی طاقت استعمال کریں گے پاکستان مضبوط بنے گا۔
آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ تیر پر مہر لگا کر بلاول کو منتخب کریں تاکہ وہ آپ کے مسائل حل کرسکیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہید بینظیر مزدوروں کی آواز تھیں، لیاری کی آواز تھی۔ کراچی کی خواتین کو ٹرانسپورٹ دی، پنک بس دی۔
انکا کہنا تھا کہ وعدہ کریں 8 فروری کو آپ بلاول کو وزیراعظم بنائیں گے۔