پاکستان پیپلز پارٹی کے انچارج سینٹرل الیکشن سیل اور سینیٹر تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ این اے 127 میں بلاول بھٹو کی حمایت کرنے والوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، ان افراد کی رہائی کا حکم دیں اور ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے۔
خط میں کہا گیا کہ پنجاب پولیس کی طرف سے ان گرفتاریوں کی وجہ سے علاقے میں دہشت کا ماحول ہے، پی ٹی آئی کے کارکن شہباز اور شہزاد کی پیپلز پارٹی میں شمولیت پر ان کو گرفتار کیا گیا۔
خط کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی کونسلر خالدہ پروین کو بھی پی پی کی حمایت پر اٹھا لیا گیا، پولیس سے رابطہ کرنے پر بتایا گیا کہ خالدہ پروین کو 4 ماہ پرانی ایف آئی آر کےتحت گرفتار کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا کہ ذوالفقار بدر نے کارکنوں کی رہائی کے لیے اعلیٰ افسران سے رابطہ کیا تاہم داد رسی نہیں ہو سکی، خدشہ ہے کہ اگر پولیس کو نہ روکا گیا تو اس طرح کے فاشسٹ ہتھکنڈوں میں مزید اضافہ ہوگا۔