مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر سعد رفیق نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کو نادان مشیر مل گئے، جو ن لیگ کو ٹارگٹ کرنے کا کہہ رہے ہیں۔
لاہور میں سابق وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں سعد رفیق نے کہا کہ ہم اپنے الیکشن میں مصروف ہیں، ہمارا حکومت سے کوئی تعلق نہیں، یہ حالات بانی پی ٹی آئی نے خود بنائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نے سردار لطیف کھوسہ کو کہا ہے کہ میرے لائق کوئی خدمت ہو تو ہمیں بتائیں، میاں اظہر کی گرفتاری کا سن کر نہایت برا لگا۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ میرے حلقے میں حد بندی پر قینچی چلائی گئی ہے، جو کہتے ہیں ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملا انہوں نے الیکشن تو نہیں چھوڑا۔
اُن کا کہنا تھا کہ لوگوں کا رسپانس نہایت شاندار ہے، مجھے نہیں لگتا کہ اس الیکشن میں آزاد امیدوار بڑی تعداد میں آئیں گے۔
سعد رفیق نے یہ بھی کہا کہ سب کو پتا ہے ہمارا مقابلہ پنجاب میں کس کے ساتھ ہے، بلاول بھٹو کے نادان مشیر انہیں ن لیگ کو ٹارگٹ کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بلاول بھٹو سمجھتے ہیں، ن لیگ کو ٹارگٹ کرکے وہ اپنا ووٹ بینک بڑھا سکیں گے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ نیب پر بات کرنے کو تیار نہیں، ہم احتساب کے عمل کے خلاف نہیں، جن کا احتساب ہونا چاہیے ان کا ہوتا نہیں ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ لوگ گالم گلوچ کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں، مجھے یہ بالکل نیا حلقہ ملا، یہ 47 کلومیٹر لمبا حلقہ ہے، باڈر بیلٹ پر ہے۔