پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بابر اعوان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو 7 منٹ کی تقریر کرکے راولپنڈی لیاقت باغ سے بھاگنا پڑا، دو تہائی اکثریت کے نعرے مارنے والے کو یہی نہیں پتہ کہ 51 سیٹوں پر امیدوار ہی کھڑے نہیں کیے۔
سپریم کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ یہ سوال کہ نواز شریف وزیراعظم بن رہے ہیں تو اس کا جواب ہے نہیں، وہ پاکستان آئے تو انہیں سفید جھنڈی دی گئی تھی، اب ان کے لیے لال جھنڈی ہے۔
بابر اعوان نے مزید کہا کہ اب نواز شریف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم بننے نہیں، الیکشن لڑنے آیا ہوں، نواز شریف نے پشتونوں کے خلاف جو زبان استعمال کی اس پر جہالت کا اعتراف کرکے معافی مانگنی چاہیے، ہر قبیلے اور قومیت کی یکساں حیثیت اور احترام ضروری ہے جس کو آئین میں تحفظ دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ فیئر الیکشن ہونے چاہئیں، لوگوں کو اپنی رائے کے اظہار کا موقع اور ووٹ کا حق ملنا چاہیے، جو ووٹ ڈالنے جائیں ان کے ووٹوں کی گنتی صحیح ہونی چاہیے، نتیجہ ووٹ ڈالنے والوں کے مطابق آنا چاہیے، ووٹ گننے والوں کے مطابق نہیں۔