• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال: ایک بندے نے غلطی سے میرے موبائل نمبر پر ایک مہینے کا پیکج لگا دیا ہے، حالانکہ میں اس نمبر پر بذات خود پیکج نہیں لگانا چاہتا تھا ، کیوں کہ میں نے اپنے دوسرے موبائل نمبر پر کچھ دن پہلے مہینے کا پیکج لگایا تھا، اب وہ بندہ جس نے غلطی سے میرے موبائل نمبر پر ایک مہینے کا پیکج لگوایا ہے وہ مجھ سے پیسے مانگتا ہے اب کیا میں اسے پیسے دوں یا نہ دوں، حالانکہ اس کا پیکج میرے کسی کام کا نہیں ہے؟

جواب: صورتِ مسئولہ میں مذکورہ شخص کی غلطی سے جس پیکج کا سائل کے موبائل پر اجرا ہوگیا ہے، اس کے عوض سائل پر اس شخص کو رقم ادا کرنا لازم نہیں ہے، کیوں کہ اس غلطی میں سائل کا کوئی دخل نہیں ہے، یہ محض اس شخص کی اپنی لا پرواہی اور خطا کی وجہ سے ہوا ہے۔

نیز اس پیکج کے استعمال کرنے یا نہ کرنے کے متعلق تفصیل یہ ہے کہ یہ پیکج مذکورہ شخص کے نمبر پر منتقل کردیا جائے، اور اگر عملاً یہ ممکن نہیں ہے تو سائل خود بھی اس پیکج سے استفادہ نہ کرے؛ کیوں کہ بغیر عوض کے استعمال کرنے میں مذکورہ شخص کی طیب خاطر نہیں ہے اور اگر استعمال کرنا ہو تو پھر رقم کی ادائیگی کرکے پیکج استعمال کیا جائے۔