آپ کے مسائل اور ان کا حل
سوال: ایک شخص نے نذر مانی کہ فلاں کام ہو جائے تو رمضان کے آخری عشرے کا اعتکاف کروں گا، وہ کام ہوگیا، اب رمضان کے آخری عشرے کے علاوہ رمضان یا غیر رمضان کس وقت اعتکاف کرسکتا ہے؟ نیز اعتکاف کی نذر کیسے درست ہے جب کہ اس کی جنس سے فرض عبادت مقرر نہیں ہے؟
جواب: اعتکاف کی نذر صحیح ہے، کیوں کہ اس کا ثبوت حدیث شریف سے ہے، صحیح بخار ی میں ہے کہ حضرت عمر بن خطابؓنے رسول اللہ ﷺ سے پوچھا، یا رسول اللہﷺ! میں نے جاہلیت میں نذر مانی تھی کہ مسجدِ حرام میں ایک رات کا اعتکاف کروں گا، نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ پھر اپنی نذر پوری کرو، چناں چہ حضرت عمر ؓ نے ایک رات بھر اعتکاف کیا۔ (کتاب الاعتکاف، باب إذا نذر فی الجاھليۃ أن يعتکف، رقم الحديث: 1938، 3/718 ط: دار ابن كثير)
نیز نذر کا اعتکاف صحیح ہونے پر امّت کا اجماع بھی ہے۔علمائے کرام نے اس سوال کے مختلف جوابات دیے ہیں کہ جب اعتکاف کی جنس میں سے فرض عبادت مقرر نہیں تو اس کی نذر کیسے درست ہے؟ ان میں سے چند درجِ ذیل ہیں:
1.اگرچہ مسجد میں محض ٹھہرنا کوئی ایسی مستقل عبادت نہیں ہے جس کی جنس سے کوئی واجب موجود ہو، لیکن اس کا اصل مقصد جماعت کے ساتھ نماز ادا کرنا ہے، اور روزہ اس کے لیے شرط ہے، لہٰذا اعتکاف کی نذر میں نماز اور روزے کی نذر بھی شامل ہے، اور ان دونوں عبادتوں کی نذر ماننا درست ہے، لہٰذا اعتکاف کی نذر بھی درست ہے۔ (شرح النقایۃ، کتاب الصوم، فصل فی الاعتکاف 1/ 225 ط: حقانیہ)
2.نذر صحیح ہونے کے لیے صرف یہ ضروری نہیں کہ اس جنس سے کوئی واجب ہو، بلکہ یہ ضروری ہے کہ اس کی جنس سے واجب ہو یا وہ واجب کو شامل ہو، جیسے عمرہ کی جنس سے واجب موجود نہیں ہے، لیکن عمرہ میں طواف اور سعی شامل ہیں، اس لیے عمرہ کی نذر درست ہے، اسی طرح اعتکاف بھی روزے پر مشتمل ہے اور روزہ کی جنس سے واجب موجود ہے، اگرچہ خود ٹھہرنے کی جنس سے کچھ واجب نہیں ہے، اور اعتکاف کی نذر صحیح ہونے کے لیے روزہ کی جنس سے واجب کا موجود ہونا کافی ہے۔(فتح القدیر، کتاب الأیمان، باب الیمین فی الحج، 5/ 183 ط: دار الفکر)
ایک شخص نے نذر مانی کہ اگر فلاں کام ہو جائے تو رمضان کے آخری عشرے کا اعتکاف کروں گا، وہ کام ہوگیا تو اس کے ذمے لازم ہے کہ وہ رمضان کے آخرے عشرے کا اعتکاف کرے، رمضان کے آخری عشرے کے علاوہ رمضان یا غیر رمضان کسی وقت اعتکاف کرنے سے نذر پوری نہیں ہوگی۔ (رد المحتار، کتاب الصوم، باب الاعتکاف 3/ 443 ط: سعيد)
اپنے دینی اور شرعی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔
iqra@banuri.edu.pk