چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ اشرافیہ کی سبسڈی ختم کریں گے، غریبوں کو ریلیف دیں گے، ملک میں 30 لاکھ گھر بنانا چاہتا ہوں۔
جیکب آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے بڑے مسائل پر اپنا منشور بنایا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اگر وفاقی حکومت بنی تو عوام کی آمدنی دگنی کریں گے، غربت سے مقابلہ کرنے کے لیے خواتین کو بلاسود قرضے دیں گے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ کسانوں کے لیے ہاری کارڈ، نوجوانوں کے لیے یوتھ کارڈ دیں گے، بھوک مٹاؤ پروگرام کے تحت بھوک کا مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہر ڈسٹرکٹ میں یونیورسٹیاں قائم کی جائیں گی، مخالف امیدوار جیت گئے تو میرے لیے کام کرنے میں مشکلات ہوں گی، عوام میرے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے جتوائیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو تیروں کی بارش ہوگی، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا دعویٰ کیا جاتا ہے، ہمارے ہاں تو نہ 2013 میں لوڈشیڈنگ ختم ہوئی اور نہ اب، ہم 300 یونٹ سولر کے ذریعے بجلی مفت فراہم کریں گے۔