پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ پی پی دفتر پر عطا تارڑ کی دہشت گردی سے ان کی شکست عیاں ہوگئی۔
لاہور میں اسلم گل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں رضا ربانی نے کہا کہ این اے 127 ہائی پروفائل حلقہ ہے، الیکشن کمیشن واقعے کا فوری نوٹس لے، ہماری ایف آئی آر جلد از جلد درج ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی دفتر پر عطا تارڑ کی دہشت گردی سے ان کی شکست عیاں ہوگئی، 5 گھنٹے گزرنے کے باوجود پولیس کا مناسب رد عمل سامنے نہیں آیا۔
رضا ربانی نے مزید کہا کہ نگراں حکومت کا کام فری اینڈ فیئر الیکشن کرانا ہے، چاہتے ہیں 8 فروری آرام سے گزرے اس روز بلاول بھٹو کامیاب ہوں گے۔
اس موقع پر اسلم گل نے کہا کہ عطا تارڑ نے چھوٹی حرکت کی ہے، اس کا مطلب ہے تم ہار چکے ہو، ہمارے امیدوار جیت رہے ہیں، تمہیں اس کا جواب دیا جائے گا۔
اسلم گل نے یہ بھی کہا کہ ہمارے 10 ورکرز کو اغوا کیا گیا اور آئی پیڈ اٹھا کر لے گئے، پوچھتا ہوں کہ کیا الیکشن کمیشن اور سی سی پی او لاہور سوئے ہوئے ہیں؟
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ن لیگ والوں نے ہمارے امیدوار نوید جیوا کی گاڑی کی توڑ پھوڑ کی۔