• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدرآباد میں 8 فروری کو تیروں کی بارش ہوگی، بلاول بھٹو زرداری

فائل فوٹو: پی پی / انسٹاگرام
فائل فوٹو: پی پی / انسٹاگرام

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 8 فروری کو حیدرآباد میں تیروں کی بارش ہوگی، مجھے یہاں کی تمام سیٹیں چاہیے۔

حیدرآباد میں انتخابی جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک جماعت حیدرآباد میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام ووٹ کی طاقت سے ہم نفرت اور تقسیم کی سیاست ختم کردیں گے، جو جماعتیں ہمارا مقابلہ کرنا چاہتی ہیں عوام ان کی اصلیت اور ماضی جانتے ہیں۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ الیکشن میں چند دن رہتے ہیں، سب نے دن رات محنت کرنی ہے، حیدر آباد کے رہنے والوں کو سمجھانا ہے کہ مقابلہ پی پی اور ن لیگ کے درمیان ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ شیر کو روکیں اور شیر کا شکار کریں تو تیر کو ووٹ دیں، آپ پی پی کو جتوائیں، میں اُس کا بندوبست کرلوں گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جیسے آپ نے پیپلز پارٹی کو بلدیاتی انتخابات میں جتوایا میں آپ کا شکر گزار ہوں، آپ نے ووٹ کی طاقت سے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کی ایک جماعت ملک میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہی ہے، جس کی قیادت کو چوتھی بار کسی بھی طریقے سے کرسی پر بیٹھنا ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ یہ لوگ آپ کی مشکلات نہیں سمجھتے، کرسی پر چوتھی بار بیٹھنا چاہتے ہیں، اگر میں وفاقی حکومت سنبھالتا ہوں تو 10 نکات پر عمل کروں گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ عوام کی آمدنی میں دگنا اضافہ کروں گا، عوام کو 30 لاکھ گھر بنا کر دوں گا، خواتین کو مالکانہ حقوق دوں گا، عوام کو 300 یونٹ بجلی مفت سولر کے ذریعے دلواؤں گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میری والدہ اس دنیا میں نہیں رہیں، میں خواتین کی اپنی ماں کی طرح خدمت کرنا چاہتا ہوں جس کےلیے میں بینظر انکم سپورٹ میں اضافہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ جو ہمارے مزدور اور محنت کش ہیں ان کےلیے مزدور کارڈ لاؤں گا۔

قومی خبریں سے مزید