پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کراچی والوں نے بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی کو پورے شہر سے جتوایا ہے، کراچی کی 20 سیٹیں دلوا دیں تو 5 سال میں کراچی کا نقشہ بدل دیں گے۔
بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی انتخابی ریلی کیماڑی پہنچ گئی ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وعدہ کرتا ہوں کہ الیکشن جیت کر اس شہر کی خدمت کریں گے، کوئی زبان اور کوئی مذہب کی بنیاد پر کراچی کو تقسیم کرنا چاہ رہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کراچی ہم سب کا ہے، کسی کو شہر میں نفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے، دیگر سیاسی جماعتیں اپنے مقصد کے لیے الیکشن لڑ رہے ہیں، میں کراچی کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری وفاقی حکومت ہو گی تو کراچی کے تمام مسئلے بھی حل ہوں گے، دیگر تمام سیاسی جماعتیں نفرت کی سیاست کرتی ہیں، عوام تیر پر مہر لگا کر نفرت کی سیاست کرنے والوں کو جواب دیں۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا ہے ہے کہ خواتین ووٹ ڈالنے کے لیے ضرور گھروں سے نکلیں، ملک میں مقابلہ دو جماعتوں کے درمیان میں ہے، عوام کو سمجھانا ہے کہ کسی آزاد امیدوار پر ووٹ ضائع نہ کریں، آزاد امیدوار سودا کر کے حکومت میں شامل ہو جاتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عوام اس بار مجھے موقع دیں، عوام کو مایوس نہیں کروں گا، میرے امیدوار منتخب ہوں گے تو حلقے کے عوام کے مسائل مجھ تک پہنچائیں گے، مسائل کا حل نکالنا ہے تو ایک بار پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں، کسی اور کو آپ ووٹ دیں گے تو وہ علاقے کے لیے ٹکے کا کام نہیں کرے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ کیماڑی سے قادر پٹیل اور آصف خان میرے نمائندے ہیں، دونوں امیدوار ہاتھ اٹھا کر وعدہ کریں وہ عوام کے مسائل حل کریں گے، کچا وعدہ نہیں کرنا بی بی والا وعدہ کرنا۔
کراچی میں پاور شو کے لیے بلاول ہاؤس کلفٹن سے شروع ہونے والی پیپلز پارٹی کی ریلی میں بڑی تعداد میں کارکنان شریک ہیں۔
بلاول بھٹو کے ہمراہ شیری رحمٰن، مراد علی شاہ سمیت دیگر رہنما بھی ٹرک پر موجود ہیں۔
بلاول بھٹو کی جھلک دیکھنے کے لیے شہری چھتوں پر موجود ہیں اور ان کی آمد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی جا رہی ہیں۔
ریلی کراچی کے مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے قائد آباد پر اختتام پذیر ہو گی۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ریلی سے مختلف مقامات پر خطاب کریں گے۔