کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں دستی بم پھٹنے کی وجہ سے ایک خاتون سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دستی بم ہلاک ہونے والے شخص فاروق کے ہاتھ میں ہی پھٹ گیا۔
ڈی آئی جی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ حادثہ گلشن اقبال ٹاؤن تھانے کی حدود میں قائم حاجی لیموں گوٹھ میں پیش آیا جب 17 سالہ فاروق میرانی بم ہاتھ میں لے گھر سے باہر گلی میں جارہا تھا۔
گلی میں موجود بچوں نے فاروق کے ہاتھ میں بم دیکھ کر شور مچایا جس پر فاروق نے بم چھپانے کی کوشش کی۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ دستی بم چھپانے کی کوشش کے دوران بم پھٹ گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں فارق میرانی اور دو افراد ریحان اور نسرین جاں بحق ہوگئے۔
ڈی آئی جی ایسٹ غلام اظفر کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے فاروق میرانی کا باپ رحمان میرانی گلشن اقبال تھانے میں بطور سب انسپکٹر تعینات ہے، جسے کچھ عرصہ قبل معطل کیا گیا تھا۔