چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری سمیت پی پی پی کے دیگر رہنماؤں نے موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ فوری بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بلاول بھٹو زرداری نے پیغام شیئر کیا ہے۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں موبائل فون سروسز کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ میں نے اپنی پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ موبائل فون سروس کی بحالی کے لیے الیکشن کمیشن اور عدالتوں دونوں سے فوری رجوع کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ موبائل فون سروس بند ہونے سے لینڈ لائن پر بھی کال نہیں کی جاسکتی ، صرف وی پی این کام کر رہے ہیں۔ اس کا اثر ٹرن آوٹ پر ہوگا۔
اس کے علاوہ پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عام انتخابات کے روز موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ بندش کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے اپنی پٹیشن الیکشن کمیشن آفس میں پیش کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتڑ نیٹ سروس صبح 7 بجے سے ہی بند کر دی گئی جس کی وجہ سے کارکنوں سے رابطے میں بہت مشکل کا سامنا ہے۔
قبل ازیں سیکریٹری جنرل پیپلزپارٹی پارلیمنٹینز نیر بخاری نے اپنے بیان میں موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ فوری بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن اختیارات بروئے کار لاتے ہوئے پی ٹی اے کو موبائل فون سروس فوری بحالی کے احکامات جاری کرے۔
ان کا کہنا ہے کہ نگران حکومت نے موبائل فون سروس بحال نہ کروائی تو انتخابی نتائج پر سوالیہ نشان کی ذمہ دار ہوگی۔ انتخابات پر موبائل فون سروس بند ہوجانا ووٹرز کے ساتھ زیادتی ہے۔