• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں پولنگ سامان اور عملے کی عدم موجودگی کے باعث این اے 236 کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل تاخیر کا شکار ہے جبکہ ووٹرز گھروں کو لوٹنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

کراچی کے علاقے عسکری فیز فور قومی اسمبلی کے حلقے این اے 236 اور صوبائی حلقہ 100 میں پولنگ 3 بجے شروع ہوئی۔

ووٹرز کا کہنا ہے کہ ہم صبح سے پولنگ شروع ہونے کے منتظر تھے۔ پولنگ 3 بجے شروع ہوئی ہے اور اب یہ عمل 5 بجے بند کر دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ عسکری فور میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 ہزار ہے۔ پولنگ کا عملہ تاخیر سے پہنچنے کے سبب پولنگ کا آغاز تاخیر سے کیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بھی اس حلقے کی مختلف ویڈیوز وائرل ہوگئی ہیں جبکہ این اے 236 ایکس پر ٹرینڈ بھی کرنے لگا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے مطابق کراچی کے حلقے این اے 236 گلشن اقبال کے ایک پولنگ اسٹیشن میں 4 گھنٹے گزرجانے کے باوجود بھی بیلٹ پیپر نہیں پہنچ سکے جبکہ سینکڑوں ووٹرز ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے صبح 8 بجے سے موجود ہیں۔

ایک صارف کے مطابق ووٹرز صبح 8 بجے سے ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے حلقے این اے 236 گلستان جوہر کے پولنگ اسٹیشن میں نہ ہی سامان ہے اور نہ ہی پولنگ کا عملہ موجود ہے۔

صارف کے مطابق پولنگ عملے کی عدم موجودگی کے باعث ووٹرز پولنگ اسٹیشن کے باہر گھنٹوں انتظار کرنے کے بعد ووٹ کاسٹ کئے بغیر ہی واپس جانے پر مجبور ہیں۔



واضح رہے کہ ملک بھر کے مختلف علاقوں میں پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے سے شروع ہوگیا ہے تاہم کچھ علاقوں میں پولنگ میں تاخیر کی شکایات بھی موصول ہو رہی ہیں۔

Pakistan election 2024 | Election 2024 Constituencies | Election 2024 candidates |  NA 236