سابق وزیراعلیٰ سندھ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید مراد علی شاہ پی ایس 77 جامشورو سے کامیاب ہوگئے ہیں۔
سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 77 جام شورو کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے میں مراد علی شاہ 66 ہزار 100 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں۔
پی ایس 77 کے تمام 169 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج میں جی ڈی اے کے امیدوار روشن علی برڑو 6 ہزار 150 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
اپنے حلقے میں کامیابی کے سید مراد علی شاہ نے سیہون میں لعل شہباز قلندر کے مزار پر حاضری دی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میں صبح سے اپنے الیکشن میں مصروف تھا، موبائل نیٹ ورک بھی بند تھا، ملک کے دیگر حلقوں کے نتائج سے بے خبر ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے سندھ کے کچھ حلقون میں بے ضابطگیوں کی اطلاع ہے، میں چاہتا ہوں کہیں بھی عوام کے ووٹ کی چوری نہ ہو۔
سابق وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ سندھ میں نتائج توقع کے مطابق ہیں، جن کے بارے میں پہلے ہی کہہ چکا تھا۔