• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بلوچستان، محکمہ صحت میں ڈاکٹرز کی ساڑھے 3 ہزار پوسٹیں خالی ہونے کا انکشاف

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بلوچستان کے محکمہ صحت میں ڈاکٹروں کی 3530 پوسٹیں خالی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

صوبے میں اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی 600 پوسٹوں میں 420 پوسٹیں خالی پڑی ہیں، پورے صوبے میں صرف 180ماہر ڈاکٹرز خدمات انجام دے رہے ہیں، صوبے میں نرسوں کی بھی 351 پوسٹیں خالی ہیں۔

کوئٹہ کے سول ہسپتال اور بولان میڈیکل کمپلیکس میں منظور شدہ پوسٹوں سے 236 ڈاکٹرز کی اضافی تعیناتی کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے۔

جیو نیوز کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق صوبے میں ڈاکٹرز، لیڈی ڈاکٹرز اور ڈینٹل سرجنز کی 5556 میں سے 2178 پوسٹیں خالی پڑی ہیں، ٹیچنگ کیڈر 745، ہیلتھ مینجمنٹ کیڈڑ کی 187 اور اسپیشلسٹ کیڈر کی 420 پوسٹیں خالی پڑی ہیں۔

اسی طرح صوبے میں نرسوں کی 1525آسامیاں ہیں جن میں 351 خالی ہیں، صوبے میں ڈاکٹروں اور نرسوں کی پوسٹیں خالی ہونے سے صوبے کے 1251بی ایچ یوز میں صرف 762 فعال جبکہ 489 بند پڑے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ڈاکٹروں کے اندورن صوبہ ڈیوٹی دینے کے بجائے کوئٹہ میں منتقل ہونے کا رجحان اس قدر زیادہ ہوگیا ہے کہ کوئٹہ کے سول ہسپتال اور بولان میڈیکل کمپلیکس میں گریڈ 17سے 20 کی منظور شدہ پوسٹوں سے 236 ڈاکٹرز اضافی تعینات ہیں، جن میں سول اسپتال میں 126 اور بی ایم سی میں 110 اضافی ڈاکٹرز تعینات ہیں۔

قومی خبریں سے مزید
صحت سے مزید