گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ)عید الفطر قریب آتے ہی چھوٹے بڑے گوشت اورمرغی کے علاوہ سبزیوں اور پھلوں کے ریٹ آسمان سے باتیں کرنے لگے ۔ناقص اور غیر معیاری گوشت کھلے عام مہنگے داموں فروخت ہو رہا ہے جبکہ ٹماٹر ہری مرچ و دیگر مصالحہ جات کی قیمتیں چار گنابڑھ گئیں جبکہ دیگر سبزیوں کی قیمتیں بھی ڈبل ہو گئیں۔ پھلوں کی قیمتیں بھی آسمان کو چھونے لگیں۔ غریب لوگ گوشت کے علاوہ سزیاں پکانے سے بھی سخت پریشان ہو گئے۔ شہریوں نے اس امر پر سخت احتجاج کیا کہ حکومتی ریٹ پر روزمرہ کی اشیاء فروخت کروانے والے کہاں ہیں۔ گاہکوں کے مطابق بااثر شخصیات نے سبزیاں پھل سٹاک کر لیا ہے جو عید سے ایک دن پہلے بازاروں میں مزید مہنگے داموں فروخت کئے جائیں گے جبکہ بیمار جانوروں کا گوشت سلاٹر ہائوس کی جعلی مہریں لگا کر جگہ جگہ کھلے عام مہنگے داموں فروخت ہو رہا ہے۔ لوگوں نے اعلیٰ حکام سے متعلقہ ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ کھانے پینے کی مذکورہ اشیاء اپنے اصل ریٹ پر فروخت ہو سکیں۔