پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار محمد شعیب شاہین نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 47 کا نتیجہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔
شعیب شاہین نے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین نے کہا کہ آج میں نے اور علی بخاری نے درخواست دائر کردی ہے، رجسٹرار آفس سے ہم نے آج ہی سماعت مقرر کرنےکی استدعا کی ہے۔
شعیب شاہین نے کہا کہ ہماری درخواست ہے چیف جسٹس سے کہ کیس کو فوری سنا جائے، پورے اسلام آباد کو پتا ہے میرا حلقہ این اے 47 ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس فارم 47 موجود ہے، ریٹرننگ آفیسرز پر پریشر ڈالا جارہا ہے۔
شعیب شاہین نے کہا کہ رجسٹرار آفس نے ہماری درخواست پر اعتراض لگا دیا تھا، اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست مقرر نہیں ہوئی تو سپریم کورٹ جائیں گے۔
واضح رہے کہ این اے 47 اسلام آباد 2 کی نشست کے تمام 387 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی نتیجے کے مطابق مسلم ليگ ن کے طارق فضل چوہدری 102502 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں۔
یہاں سے آزاد امیدوار محمد شعیب شاہین 86396 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔