پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وفاق، پنجاب اور بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے بغیر حکومت نہیں بن سکتی، پارٹی انہیں وزیراعظم کا امیدوار نامزد کرچکی، فیصلے میں تبدیلی کے لیے دوبارہ سی ای سی سے رجوع کرنا ہوگا۔
جیو الیکشن ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ خواہش ہے اتفاق رائے سے ایسی حکومت بنائیں جس سے سیاسی استحکام آئے، اس کے بغیر بننے والی حکومت عوامی مسائل حل نہیں کرسکے گی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زداری نے کہا کہ لاہور میں رات تک بڑے مارجن سے جیت رہےتھے صبح اٹھے تو دیکھا ہار چکے تھے، الیکشن سے مایوس نہیں، کچھ آزاد امیدوار رابطے میں ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بلوچستان میں حکومت بنانےکیلئے بھی سب کو مل کر کوشش کرنا ہوگی، بلوچستان میں قیام امن کیلئے بھرپور کام کریں گے، قومی اسمبلی کے نتائج مکمل ہونے تک حکومت سازی سے متعلق کوئی جواب دینا ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک آزاد امیدوار فیصلہ نہ کرلیں یہ نہیں کہا جا سکتا حکومت کون بنائے گا، اب تک کسی سیاسی جماعت سے حکومت سازی پر باضابطہ بات نہیں ہوئی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف سے آج ملاقات کے امکان کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا، ہم نے اب تک پی ٹی آئی کے کسی آزاد امیدوار سے رابطہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مکمل نتائج سامنے آجائیں، سی ای سی بلا کر مل کر اتفاق رائے سے فیصلہ کریں گے، ملک کے مفاد میں ہے کہ سیاسی طور پر اتفاق پیدا کرنے کی کوشش کریں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اکیلے تو حکومت نہیں بنا سکوں گا، میں اس پوزیشن میں نہیں کہ کسی فیصلے کا اعلان کر سکوں، آزاد امیدوار کیا فیصلے کرتے ہیں، اس پر بھی عوام کی نظر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد امیدواروں میں سے کچھ ہم سے رابطے میں ہیں، بلوچستان میں حکومت بنانے کیلئے بھی ہم سب کو مل کر کوشش کرنا پڑے گی، کوشش ہوگی کہ کوئٹہ میں این آئی سی وی ڈی کا یونٹ کھلوادوں، بلوچستان میں قیام امن کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہمیں اپنی ایس او پیز میں اصلاحات لانا ہوگی، ہم نے اسپتال، اسکول پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت قائم کیے، میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر یقین رکھتا ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کے عوام کا شکر گزار ہوں، بڑی تعداد میں عوام ووٹ ڈالنےکیلئے نکلے، پیپلز پارٹی کے سپورٹرز اور ووٹرز کو مبارکباد دیتا ہوں، ابھی تک نتائج میں پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس کی چاروں صوبوں میں نمائندگی ہے، چاروں صوبوں کی زنجیر پیپلز پارٹی ہے۔
Pakistan election 2024 | Election 2024 Constituencies | Election 2024 candidates