قومی اسمبلی کے حلقے این اے 48 سے کامیاب آزاد امیدوار راجا خرم نواز نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں راجا خرم نواز نے کہا کہ میں این اے 48 پر مسلم لیگ (ن) اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کا حمایت یافتہ امیدوار تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اس حلقے میں تمام لوگوں نے سپورٹ کیا، اپنے سپورٹرز اور ووٹرز سے مشاورت کے بعد مسلم لیگ ن میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔
راجا خرم نواز نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت بننے جا رہی ہے اس کا حصہ ہوں گا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے جاری کردہ فارم 47 میں راجا خرم نواز این اے 48 اسلام آباد 3 سے کامیاب قرار پائے ہیں، جس پر 36 امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا۔
ای سی پی کے فارم 47 کے مطابق راجا خرم نواز 69 ہزار 699 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے ہیں، آزاد امیدوار سید محمد علی بخاری 59 ہزار 851 ووٹ لے کر دوسرے جبکہ آزاد امیدوار اور سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے 18 ہزار 572 ووٹ حاصل کیے۔
Pakistan election 2024 | Election 2024 Constituencies | Election 2024 candidates