گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے 16 فروری کو حیدرآباد بائی پاس پر دھرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے جی ڈی اے کے مرکزی رہنما صفدر عباسی نے کہا کہ ہم احتجاج کے دائرہ کار کو بڑھائیں گے۔
صفدر عباسی نے مزید بتایا کہ اسمبلی اجلاس کے روز سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دو ارکان اسمبلی حلف نہیں لے رہے۔ ہم دیگر جماعتوں کے ساتھ بھی رابطے کریں گے۔
کراچی میں پیر پگارا کی زیر صدارت جی ڈی اے رہنماؤں کے اجلاس سے متعلق سیکریٹری اطلاعات جی ڈی اے سردار عبدالرحیم کا کہنا تھا کہ اجلاس میں الیکشن کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
سردار عبدالرحیم کا کہنا تھا کہ اجلاس میں سید صدرالدین شاہ، سید غوث علی شاہ، غلام مرتضیٰ جتوئی، صفدر عباسی، لیاقت جتوئی، ارباب غلام رحیم، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، ایاز لطیف پلیجو، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا اور عرفان اللّٰہ مروت بھی شریک ہوئے۔
پیر پگارا صبغت اللّٰہ شاہ راشدی کا کہنا تھا کہ ہم قانون کے دائرہ میں رہ کر احتجاج کریں گے، ہمارے احتجاج میں ایمبولینس کو کوئی نہیں روکے گا۔