پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے الیکشن 2024ء کی ساکھ کو صفر فیصد قرار دیدیا۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان انتخابات سے ملک میں سیاسی استحکام نہیں آسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ الیکشن کو جیتے ہوئے لوگ بھی نہیں مان رہے ہیں، ان انتخابات کی ساکھ صفر فیصد ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے استفسار کیا کہ الیکشن کے بعد جو بھی حکومت بنے گی وہ کیسے چلے گی؟
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ جو جماعتیں پی ٹی آئی کو توڑ کر بنائی گئیں ان کےلیے شرمندگی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مجھے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، انتخابات کے بعد بانی پی ٹی آئی سے اُن کی ملاقات نہیں ہوئی۔
دوسری طرف شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایسی پارلیمنٹ بننے جارہی ہے کہ کوئی حکومت بنانے کے قابل نہیں بلکہ اب تو لگ رہا ہے کہ کوئی حکومت بنانا ہی نہیں چاہتا۔