پاکستانی خوبرو اداکار عمران عباس کی بھارتی پنجابی ڈیبیو فلم ’جی وے سوہنیا جی‘ کا ورلڈ پریمیئر آج دبئی میں ہوگا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار عمران عباس نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنی پنجابی ڈیبیو فلم کے ورلڈ پریمیئر کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آج ان کی فلم دنیا کے سب سے بڑے سنیما یعنی دبئی مال کے ’ریل سنیما‘ میں نمائش کے لیے پیش کی جارہی جبکہ فلم 16 فروری کو ریلیز ہوگی۔
یاد رہے کہ چند دن قبل پاکستانی معروف گلوکار عاطف اسلم کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا اس فلم کا ٹائٹل ٹریک ریلیز کیا گیا تھا، جس نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچا دی تھی۔
ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر چند ہی دنوں میں اس گانے کو بہت سراہا جا رہا ہے اور اسے اب تک 50 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
عاطف اسلم کا کسی بھی بھارتی پنجابی فلم میں 2 برس بعد یہ پہلا گانا ہے۔ اس سے قبل 2022 میں بھارتی پنجابی فلم رنگریزا میں عاطف اسلم کا ایک گانا شامل تھا۔
فلم جی وے سوہنیا جی کی کہانی پاکستانی پنجابی نوجوان اور بھارتی پنجابی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوجاتے ہیں۔
فلم میں واہگہ بارڈر سمیت پاکستان اور بھارت کے پنجاب کے مناظر سمیت برطانیہ میں دونوں ممالک کے افراد کو ایک ساتھ رہتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
ٹریلر میں عمران عباس کو جہاں پاکستانی لڑکے کے کردار میں دکھایا گیا ہے وہیں ان کے تمام دوست بھارتی پنجاب کے دکھائے گئے ہیں۔
عمران عباس کے علاوہ فلم کی تقریباً تمام کاسٹ بھارتی ہے جس میں سمی چاہل، منتو کاپا، اڈایا وکاتی، امن بال اور سوارج سندھو سمیت دیگر شامل ہیں۔