اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر عبید شاہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 میں بابر اعظم سمیت تمام بڑے بیٹرز کو آؤٹ کرنے کے خواہشمند ہیں۔
لاہور میں پی ایس ایل کی تیاری میں مصروف نوجوان فاسٹ بولر عبید شاہ نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میں تمام بیٹر اچھے ہیں، بابر اعظم سمیت سب کو آؤٹ کرنے کی کوشش کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی تیاری کےلیے پریکٹس کا پہلا دن تھا، نسیم شاہ کے ساتھ بولنگ کی اور کافی انجوائے کیا، بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ نسیم شاہ نے کنڈیشن کے مطابق ٹی ٹوئنٹی بولنگ کے بارے میں بتایا، جس سے کافی فائدہ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ کوشش کروں گا اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے جتنا ہو سکے اچھا کروں، خواہش ہے کہ جہاں ٹیم کو جیسی ضرورت ہو، نیا ہو یا پرانا گیند بولنگ پر فوکس رکھوں۔
فاسٹ بولر عبید شاہ نے یہ بھی کہا کہ مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہے، کوچز اور نسیم شاہ نے اعتماد میں اضافہ کیا، ٹیم کا ماحول ایسا ہے کوئی پریشر نہیں لے رہا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں تمام بیٹسمین اچھے ہیں، بابر اعظم سمیت سب کو آؤٹ کرنے کی کوشش کروں گا، خواہش ہے کہ پی ایس ایل میں اچھی بولنگ کرکے لیڈنگ وکٹ ٹیکر بنوں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے نوجوان بولر نے کہا کہ میرا پسندیدہ بولر میرا بھائی نسیم شاہ ہے اور ان سے ہی سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں، ہم تینوں بھائی بولنگ کو انجوائے کرتے ہیں، خواہش کہ تینوں بھائی ملک کی نمائندگی کریں۔
عبید شاہ نے کہا کہ ساؤتھ افریقا کی کنڈیشن کے بعد یہاں آکر کھیل رہا ہوں، انڈر 19 کی جانب سے پہلی بار ورلڈ کپ کھیلا، خوشی ہے کہ وہاں بہترین پرفارمنس رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم میں آنے کے لیے محنت کر رہے ہیں، پاکستان کی جانب سے کسی بھی فارمیٹ میں موقع ملا تو تیار ہوں۔