پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور نومنتخب رکنِ قومی اسمبلی لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بغیر پارلیمان اور حکومت کو نہیں چلنے دیں گے، بانی پی ٹی آئی کے بغیر ریاست بھی نہیں چلے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں بات چیت کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہم نے صدر عارف علوی سے کہہ دیا ہے وہ پی ٹی آئی کو حکومت بنانے کی دعوت دیں، ہم حکومت بنانے کے قریب آ چکے ہیں، ہمیں حکومت بنانے کا موقع دیں تو ہم حکومت بنا لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اب بھی ن لیگ کی حکومت کا حصہ بننے کو تیار نہیں، مولانا فضل الرحمان بھی ن لیگ کو دھتکار رہے ہیں، مریم نواز کو وزیرِ اعلیٰ بنانے کا اعلان کرنے کے بعد ن لیگ کا باقی سب کچھ بھی ختم ہو جائے گا۔
سردار لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ ہم حکومت بنانے کے قریب آچکے ہیں، جس کی بھی عددی برتری ہوتی ہے اس کو ہی حکومت بنانے کا کہا جاتا ہے۔ صدر مملکت پی ٹی آئی کو کہیں کہ آپ کو عددی اکثریت حاصل ہے آپ حکومت بنائیں۔
سردار لطیف کھوسہ نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بغیر پارلیمان چلے گی نہ ہی ہم چلنے دیں گے، عمران خان کے بغیر تو جمہوریت چلے گی نہ ہی ریاست چلے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سوا کوئی بھی پارٹی دوبارہ الیکشن میں نہیں جانا چاہتی ہے۔