مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار برائے وزارت عظمیٰ شہباز شریف سے آزاد منتخب ارکان اسمبلی نے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
این اے 92 بھکر سے آزاد امیدوار رشید اکبر نوانی، پی پی 92 اور 93 بھکر سے عامر عنایت شاہانی، خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقے 106 سے حشام انعام اللّٰہ خان، پی کے 82 سے ملک طارق اعوان ن لیگ میں شامل ہوگئے۔
خیبر پختونخوا سے منتخب ہونے والے آزاد امیدواروں نے امیر مقام اور سردار اویس لغاری سے جبکہ پنجاب سے کامیاب ہونے والوں نے لاہور میں شہباز شریف سے ملاقات کی۔
آزاد ارکان اسمبلی نے کہا کہ حلقے کے عوام اور سپورٹرز کی مشاورت سے ن میں شامل ہوئے ہیں، نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے ن لیگ میں شامل ہونے والے ارکان اسمبلی کا خیر مقدم کیا اور انہیں مبارک باد دی۔
شہباز شریف نے دوران گفتگو کہا کہ عدم استحکام کسی کے مفاد میں نہیں، معاشی خطرات کا تقاضا ہے کہ سب مل کر پاکستان کےلیے کام کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے بھی ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، اب بھی یہی ترجیح ہے، جن کا ایجنڈا انتشار ہے، وہ اب بھی انتشار پھیلا رہے ہیں۔
ن لیگ کی طرف سے وزارتِ عظمیٰ کے نامزد امیدوار نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف اپنی ذات اور سیاست کا نہیں، ہمیشہ پاکستان اور عوام کا مفاد سوچتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک کو کسی نئی مصیبت اور بحران سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، خیبر پختونخوا کی ترقی چاہتے ہیں، ترقی سے ہی صوبے میں دہشت گردی پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
دوسری طرف پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں ملک طارق اعوان نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو آگے لے کر جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملکی ترقی کے لیے کام کیا ہے۔