پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز اور علی امین گنڈاپور کا کوئی مقابلہ ہی نہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ علی امین گنڈاپور گفتگو فرما رہے ہیں کہ اس کو نہیں چھوڑوں گا وہ اسی میں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نتائج کے اعلان کے وقت سے ہی ہم اکثریت میں تھے، پنجاب میں ہماری تعداد 190 پلس ہے، تیاری مکمل ہے، صوبے میں حکومت سازی کی طرف قدم اٹھانے والے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ اُمید ہے پنجاب میں مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن آج ہو جائے گا، پہلی مرتبہ ایک خاتون پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ بننے جا رہی ہیں، مریم نواز گڈ گورننس اور خواتین کے حقوق کو آگے لے کر جائیں گی۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت سازی جتنا جلدی ہو اتنا بہتر ہے، لوگ مسائل کا حل چاہتے ہیں، ملک ہمارا ہے مسائل ہمارے ہیں ہمیں مل کر حل کرنے ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ آج بھی ن لیگ کی پیپلز پارٹی سے ملاقات ہے، اُمید ہے کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کو شامل کیا جائے گا۔