امریکا میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ امریکا، چین تعاون کے فروغ میں پاکستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے، پاکستان ان دو عالمی طاقتوں کے لیے میٹنگ پوائنٹ ہو سکتا ہے، نہ کہ جنگ کا میدان۔
واشنگٹن میں مقامی تھنک ٹینک سے خطاب میں امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے یہ بات کہی ہے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئےکہا ہے کہ دونوں ممالک پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں، انسدادِ دہشت گردی کے لیے دفاعی آلات اور فنانسنگ کی بحالی کے لیے امریکی فیصلوں کے منتظر ہیں۔
مسعود خان نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے پاکستان بہترین ملک ہے، امریکا میں مقیم 10 لاکھ کے قریب پاکستانی سرمایہ پاکستان لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال میں امریکا میں مقیم تارکینِ وطن کی سرمایہ کاری 3 ارب ڈالرز رہی، امریکا پاکستان میں زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے۔
سفیرِ پاکستان سردار مسعود خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یورپ و مشرقِ وسطیٰ میں امریکاکی ترجیحات کو تسلیم کرتے ہیں، امریکاجنوبی ایشیاء کی سلامتی سے متعلق بھی توجہ مرکوز کرے۔