• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس عمر میں بھی 22 برس کے نوجوان شادی کے پیغامات بھیجتے ہیں: صبا فیصل


پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اور سینئر اداکارہ صبا فیصل نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اس عمر میں بھی 22 برس کے نوجوانوں کی جانب سے شادی کے پیغامات موصول ہوتے ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف امور پر گفتگو کی۔

دوران گفتگو میزبان نے سوال کیا کہ کیا آپ نے کبھی کسی جنونی فین کا سامنا کیا ہے؟

میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کسی ایسے مداح سے سامنا نہیں ہوا البتہ نوجوان مداحوں کی جانب سے پیغامات موصول ہوتے رہتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں مجھے ایک 22 سالہ نوجوان کی جانب سے پیغام موصول ہوا کہ ’میں 22 سال کا ہوں اگر آپ اس عمر میں بھی مجھے گرین سگنل دیں تو میں آپ کے لیے سب کچھ چھوڑنے کو تیار ہوں، اگر آپ ہاں کریں تو میں فوراً آکر آپ کا ہاتھ مانگ لوں گا‘۔

اداکارہ نے نوجوان مداح کا قصہ سناتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا کہ میں نے اسے جواب دیا کہ ’کس سے؟، میرے 9 سالہ نواسے سے میرا ہاتھ مانگو گے؟‘۔

صبا فیصل نے بتایا کہ وہ ایسے پیغامات اپنے شوہر کو بھی پڑھواتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری شادی کو 40 برس ہوچکے ہیں، لیکن ماشااللہ میرے شوہر آج بھی مجھ سے طویل میسیجز کے ذریعے محبت کا اظہار کرتے ہیں کیونکہ میں کام کی وجہ سے کراچی میں زیادہ رہتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے میسیجز کے جواب میں، میں انہیں کال کرکے کہتی ہوں شکر کریں فیصل ہم دور ہیں تو یہ محبتیں اب تک قائم ہیں، جس پر وہ شکوہ کرتے ہیں کہ میں انہیں کبھی رومانوی انداز میں جواب نہیں دیتی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید