• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اہلیہ کو کبھی کبھی لگتا ہے مجھے کسی ماہرِ نفسیات سے رجوع کرنا چاہیے: منوج باجپائی

اداکار منوج باجپائی — فائل فوٹو
اداکار منوج باجپائی — فائل فوٹو

بھارتی اداکار منوج باجپائی نے انکشاف کیا ہے کہ شوٹنگ کے بعد اپنے کرداروں سے ذہنی طور پر باہر نکلنا میرے لیے آسان نہیں ہوتا۔

فلم ’بھیا جی‘ کے اداکار کے مطابق اہلیہ بعض اوقات محسوس کرتی ہیں کہ مجھے کسی ماہرِ نفسیات سے رجوع کرنا چاہیے، کیونکہ میں اداکاری اور گھریلو زندگی کو ایک دوسرے سے الگ رکھنے میں دشواری محسوس کرتا ہوں۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں منوج باجپائی نے بتایا کہ پیچیدہ کردار ادا کرنے کے اثرات اکثر شوٹنگ ختم ہونے کے بعد بھی ذہن پر برقرار رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بعض اوقات میری اہلیہ کہتی ہیں کہ آپ کو ماہرِ نفسیات نہیں بلکہ ماہرِ امراضِ نفسیات (سائیکاٹرسٹ) سے ملنے کی ضرورت ہے لیکن ایک لحاظ سے وہ درست کہتی ہیں، کیونکہ بعض اوقات آپ خود بھی یہ سمجھ نہیں پاتے کہ آپ کی زندگی کا حقیقی حصہ کون سا ہے، مختلف یا پیچیدہ کرداروں میں ڈھلنا، یا وہ زندگی جس میں آپ کی اہلیہ اور بچہ آپ کے ساتھ رہتے ہیں۔

اداکار نے مزید کہا کہ شوٹنگ مکمل ہونے کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ میں فوری طور پر اپنے کردار کو ذہن سے نکال سکتا ہوں، اس کا اثر کافی دیر تک برقرار رہتا ہے۔

منوج باجپائی نے یہ بھی بتایا کہ گھر سے دور رہ کر کام کرنے کی صورت میں بعض اوقات اپنے کرداروں سے ذہنی طور پر الگ ہونا نسبتاً آسان ہو جاتا ہے، شوٹنگ کے بعد میں ہوٹل کے کمرے میں واپس جا کر کچھ وقت تنہائی میں گزار سکتا ہوں تاہم کام کے بعد گھر واپس آنے کی صورتِ حال مختلف ہوتی ہے کیونکہ وہاں مجھے اپنی توجہ اہلِ خانہ کی جانب منتقل کرنا پڑتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیشہ ورانہ اور نجی زندگی کے درمیان توازن برقرار رکھنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا، خصوصاً اس وقت جب ان کے ذہن میں اگلے روز فلمائے جانے والے مناظر کے بارے میں خیالات گردش کر رہے ہوں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید